کوہلو: نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ ضلع کوہلو کی جنرل باڈی کا اجلاس ملک نعمت اللہ زرکون کی صدارت میں ہوا۔ اجلاس میں اتفاق رائے سے ایڈووکیٹ علی شیر زرکون،ملک نعمت اللہ اور اختر محمد کالکانی صوبائی آرگنائزنگ کمیٹی کے اراکین منتخب ہوئے۔
اجلاس سے ملک نعمت اللہ اور وسیم پشتون نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ پشتونخوا وطن اور ملک کی حقیقی جمہوری، ترقی پسند اور نیشنلسٹ سیاسی پارٹی ہے ۔
جو سیاست کو پیشے کے بجائے ہر باشعور انسان کا فریضہ سمجھتی ہے اور اس جمہوری و ترقی پسند سیاسی پارٹی کا قیام معروضی حالات اور دور جدید کے تقاضوں کے مطابق عمل میں آیا ہے یہی وجہ ہے کہ باشعور سیاسی کارکنوں اور نوجوانوں نے اس میں جوق در جوق شمولیت شروع کردی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ملک میں استعماری و آمرانہ قوتوں کی استعماری اور عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے محکوم اقوام اور ملک کے تمام عوام میں انتہائی غم و غصہ، بیچینی اور سخت ردعمل پایا جارہا ہے،
اس اذیت ناک صورتحال سے نجات کیلئے ملک کے طول و عرض بالخصوص پشتون بلوچ عوام اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والوں نے ہر جگہ جمہوری مزاحمت اور احتجاج کا سلسلہ تیزی سے شروع کیا ہے۔
مقررین نے کہا کہ این ڈی ایم ایک ایسی تحریک ہے جو محکوم اقوام کی ظلم،جبر اور استحصال سے نجات دلانے کیلئے اٹھی ہے.اور غیرجمہوری قوتوں کی سیاست میں مداخلت کے خلاف منظم جدوجہد جاری رکھے گی اور مکمل کامیابی اس وقت ممکن ہے جب ہم اپنی صفوں کو جمہوری انداز میں منظم کریں گے۔
مقررین نے کہا کہ این ڈی ایم زئی خیلی اور مقامی تعصبات کی سیاست سے بالاتر ہے این ڈی ایم میرٹ،صلاحیت اور جمہوری اصولوں پر یقین رکھتی ہے اور جمہوری جدوجہد ہی ظلم سے نجات کا ذریعہ سمجھتی ہے۔