تربت: بلوچستان عوامی پارٹی کے مرکزی نائب صدرمیر عبدالرؤف رند نے کہاہے کہ ریکوڈک معاہدہ تاریخی اہمیت کاحامل ہے جس پرعملدرآمد سے بلوچستان سے پسماندگی اورغربت کاخاتمہ ہوجائے گا، اس معاہدہ کا سہرا وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو اور چیئرمین سینیٹ میر محمد صادق خان سنجرانی کے سرجاتاہے، وفاقی وصوبائی حکومت کا بیرک گولڈ کارپوریشن آف کینیڈا کے معاہدہ بلوچستان کیلئے ایک نئے دور کا آغاز ثابت ہوگا.
اس تاریخی معاہدہ پر وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو اور چیئرمین سینیٹ آف پاکستان میرمحمد صادق سنجرانی خراج تحسین کے مستحق ہیں جن کی کوششوں سے بلوچستان کے عوام میں اتفاق رائے پایا جاتا ہے، انہوں نے کہا کہ اس منصوبے سے بلوچستان میں تقریباً 10 بلین امریکی ڈالر کی سرمایہ کاری کی جائے گی، جس میں 1 بلین امریکی ڈالر سے بلوچستان میں سڑکوں، اسکولوں، ہسپتالوں اور کان کنی کے لیے ٹیکنیکل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ کے قیام جیسے سماجی ترقی کے منصوبوں میں لگائے جائیں گے، سرمایہ کاری سے نئی ملازمتوں کے 8000 سے زائد مواقع پیدا ہوں گی، ریکوڈک منصوبہ دنیا میں تانبے اور سونے کی کان کنی کے سب سے بڑے منصوبوں میں سے ایک ہے،
انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت ایک وڑن کے تحت بلوچستان سے پسماندگی، غربت، جہالت اوربے روزگاری کے خاتمہ کیلئے کوشاں ہے ایسے تاریخ ساز معاہدوں سے بلوچستان میں سرمایہ کاری اور ترقی کے نئے دورکا آغاز ہوگا، لوگوں کا معیار زندگی بدل جائے گا، میر عبدالرؤف رند نے مزید کہا کہ اس میں وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کا بڑا عمل دخل ہے تاہم اس معاہدہ میں بلوچستان کے حقوق و مفادات کے تحفظ کو یقینی بنانے میں وزیراعلیٰ بلوچستان میرعبدالقدوس بزنجو اور چیئرمین سینٹ میرصادق سنجرانی کا کردار ناقابل فراموش ہے۔