|

وقتِ اشاعت :   April 4 – 2022

 نیویارک: امریکا کی تاریخ میں پہلی بار سینکڑوں مسلمانوں نے نیویارک کے معروف علاقے ٹائمز اسکوائر پر نمازِ تراویح ادا کی۔

مسلمانوں کے مقدس ترین مہینے رمضان المبارک کا آغاز ہو چکا ہے۔ یہ مہینہ سحر و افطار کے بابرکت لمحات اور تراویح میں قرآن مجید کی تلاوت سننے سے سجا ہوتا ہے۔ تراویح کے بڑے بڑے اجتماعات نہ صرف مساجد بلکہ عوامی مقامات پر بھی منعقد کیے جاتے ہیں۔

اس حوالے سے امریکی تاریخ میں پہلی بار نیویارک کے قلب اور معروف تجارتی مقام ’ٹائمز اسکوائر‘ پر باجماعت نماز تراویح ادا کی گئی جس میں سیکڑوں افراد نے شرکت کی۔

منتظمیں نے مقامی میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ نماز تراویح کے اجتماع کے انعقاد کا مقصد اسلام کو دہشت گردی سے جوڑنے کے غلط تاثر کو زائل کرکے یہ بتانا تھا کہ اسلام ایک پرامن مذہب ہے۔

نماز تراویح میں شرکت کرنے والے مسلمان شہریوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ تراویح میں قرآن سننا، رمضان کی خاص عبادت ہے اور آج یہ سعادت حاصل کرکے خوشی ہورہی ہے۔

واضح رہے کہ ٹائمز اسکوائر پر افطار اور نماز مغرب کی ادائیگی کی جاتی رہی ہے تاہم پہلی بار باجماعت تراویح کا انعقاد کیا گیا ہے۔