کوئٹہ: بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سرداراخترجان مینگل نے کہاہے کہ وفاقی کابینہ کے حصہ بننے یا نہ بننے سے متعلق اب تک فیصلہ نہیں کیا، ہم نے پی ڈی ایم کے سامنے بلوچستان کے مسائل رکھے ہیں جس کے حل کی یقین دہانی کرائی گئی ہے ۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ سرداراخترجان مینگل نے کہاکہ پی ٹی آئی حکومت کے ساتھ اتحاد کے وقت معاہدے ہوئے تھے لیکن معاہدوں کی پاسداری نہ ہونے کی وجہ سے ہمیں حکومت کاساتھ چھوڑنا پڑا ہم نے ڈھائی سال پہلے حکومت چھوڑ کر اپوزیشن کا حصہ بنے اور اپوزیشن میں رہتے ہوئے جب پی ڈی ایم تشکیل دی گئی جس میں بلوچستان کے مجموعی مسائل رکھے گئے جس کی من وعن یقین دہانی کرائی گئی ۔
انہوں نے کہاکہ پہلا مرحلہ تحریک عدم اعتماد کا تھا ہم چاہتے تھے کہ خوش اسلوبی سے مسئلہ حل ہوجائے بلکہ اگر بڑی بدنظمی سے حل ہوگیا بلوچستان کے ساتھ جو زیادتیاں ہوئی ہیں ہم نے موجودہ حکومت کے سامنے رکھی ہیں چاہے وہ تحریر کی شکل دیں یا نہ دیں ۔وفاقی کابینہ کا حصہ ہونے سے متعلق بی این پی کی جانب سے اب تک کوئی فیصلہ نہیں کیاگیاہے ۔