کوئٹہ: گوادر، کیچ، چاغی اور ڈیرہ مراد جمالی میں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران مقابلے میں چار ملزمان کو ہلاک اور ایک زخمی کردیا ۔سات ملزمان کو گرفتار بھی کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق گودار کی تحصیل پسنی سے ستر کلو میٹر دور کلانچ میں راحیلہ کے مقام پر سیکورٹی فورسز نے کالعدم تنظیم کے ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں تین ملزمان مارے گئے جن کی شناخت حمل ولد گہرام ،مجید ولد مامے اور ثوبان ولد مامے کے نام سے ہوئی ہے۔ ہلاک ہونے والے مجید اور ثوبان بھائی بتائے جاتے ہیں۔ فورسز نے ایک ملزم کو گرفتار بھی کر لیا۔پسنی سے بیورو رپورٹ کے مطابق سیکورٹی فورسزدس سے زائد افرادکو گرفتارکرکے اپنے ساتھ لے گئی ہیں۔ دوسری جانب پسنی انتظامیہ کے اسسٹنٹ کمشنرنے بتایا کہ سیکورٹی فورسزنے علی الصبع علاقے میں سرچ آپریشن کیا ہے ،تاہم انتظامیہ نے اس بات کی تصدیق نہیں کی ہے کہ جان بحق افرادکا تعلق کس تنظیم سے تھا،ضروری کاروائی کے بعد نعشیں ورثا کے حوالے کی گئی۔ ادھر ضلع کیچ تربت کے علاقے بلیدہ میں ایف سی سے مقابلے میں کالعدم تنظیم کا ایک ملزم حسین ولد محمد کریم ہلاک جبکہ شفیق الرحمان ولد عبدالباسط زخمی ہوگیا۔ کارروائی کے دوران فورسز نے کالعدم تنظیم سے تعلق کے شعبے میں چارملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے پانچ کلاشنکوف بمعہ ایک سو چالیس عدد گولیاں اور چودعہ میگزین، ایک چینی ساختہ لائٹ مشین گن بمعہ اسی عدد گولیاں، اور ایک اسنائپر رائفل بمعہ پچاس عدد گولیاں اور دو عدد میگزین برآمد کرلئے ۔گرفتار ملزمان میں ثناء الرحمان ولد عبدالغفار، عطا ء الرحمان ولد فضل کریم، فہد ولد عبدالمجید اور دور محمد ولد عبدالباسط شامل ہیں۔ ایف سی حکام کے مطابق ہلاک اور گرفتار دہشت گرد ایف سی اور ایف ڈبلیو پر پر حملوں اور شہریوں کی ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے۔ دریں اثناء ایف سی نے چاغی میں بھی ایک دہشت گرد کو گرفتار کر کے تین کلاشنکوف برآمد کر لی ہیں۔ جبکہ نصیرآباد کے علاقے ڈیرہ مراد جمالی بازار سے ایف سی اور خفیہ ادارے نے مشترکہ کارروائی میں کالعدم بلوچ ری پبلکن آرمی کے ایک رکن کو گرفتار کرلیا۔ دریں اثناء کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ دھماکوں میں ایک شخص جاں بحق ، دو زخمی، سنگسیلا سے تشدد زدہ لاش برآمد، گوادر میں روڈ تعمیر کرنے والی کمیٹی کی مشینری نذر آتش کر دی گئی ، تفصیلات کے مطابق کوہلو اور ڈیرہ بگٹی میں بارودی سرنگ دھماکوں میں ایک شخص جاں بحق اور دو موٹر سائیکل سوار زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق کوہلو کے علاقے میں نامعلوم افراد کی جانب سے زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ پر پاؤں آنے سے ایک شخص ہلاک ہوگیا۔ مقتول کی شناخت بلوچ خان کے نام سے ہوئی ہے۔ ادھر ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی سے پینتیس کلو میٹر دور سنہڑی مٹ کے مقام پر ایک موٹر سائیکل نامعلوم افراد کی جانب سے زیر زمین بچھائی گئی بارودی سرنگ پر چڑھ گئی اور زوردار دھماکا ہوگیا۔ واقعہ میں موٹر سائیکل تباہ اور اس پر سوار دو افراد ٹنگو خان اور تورو خان معمولی زخمی ہوگئے ۔دریں اثناء بلوچستان کے علاقے ڈیرہ بگٹی سے لیویز کے عملے نے ایک نامعلوم شخص کی گولیوں سے چھلنی لاش برآمدکرلی یہاںآمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ روز ڈیرہ بگٹی کے علاقے سنگسیلامیں کنڈ کے علاقے سے ایک نامعلوم شخص کی گولیوں سے چھلنی لاش لیویز کے عملے نے برآمدکرکے ہسپتال پہنچادی جس سے نامعلوم افراد نے فائرنگ کرکے قتل کرنے کے بعد لاش وہاں پرپھینک دی تھی لاش ضروری کارروائی کے بعد شناخت کیلئے مردہ خانے میں رکھ دی ،علاوہ ازیں بلوچستان کے علاقے گوادرمیں روڈ تعمیرکرنے والے ٹھیکیدارکی مشینری کونامعلوم افراد نے نذرآتش کردیایہاںآمدہ اطلاعات کے مطابق گزشتہ شب نامعلوم مسلح افراد نے گوادرکے علاقے میں روڈ تعمیرکرنیوالے ٹھیکے دارمیرارشد بلوچ کی مشینری پی ٹی آرمشین ،رولرمشین اورفیورمشین کوآگ لگادی جس سے مشینری جل گئی اورٹھیکیدارکوکروڑوں روپے کروڑوں روپے کانقصان اٹھاناپڑا۔مزیدکارروائی متعلقہ انتظامیہ کررہی ہے۔