|

وقتِ اشاعت :   April 14 – 2022

وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے عہدے سے استعفیٰ دے دیا ہے۔

ذرائع کے مطابق سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنا استعفیٰ چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کو اور صدر آزاد کشمیر کو بھی بھجوا دیا ہے۔

سردار عبدالقیوم نیازی نے عمران خان کے نام اپنے پیغام میں کہا کہ وزارت عظمیٰ آپ کی امانت تھی آج واپس کر رہا ہوں۔

خیال رہے کہ ایک  روز قبل پی ٹی آئی کی جانب سے  اپنے ہی وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی گئی تھی۔

 وزیراعظم آزاد کشمیر نے آج پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے شکوہ کیا  تھا اور کہا تھا کہ ان کے خلاف تحریک عدم اعتماد بڑی سازش ہے، آپ کو جو بتایا گیا وہ درست نہیں ہے، اپنے خلاف سازش کو ثابت کروں گا۔

ذرائع کے مطابق اس موقع پر عمران خان کی جانب سے سردار عبد القیوم نیازی پر اعتماد کا اظہار کیا گیا اور انہیں مستعفی ہونے سے روک دیا گیا تھا تاہم اب یہ اطلاع سامنے آئی ہے کہ انہوں نے استعفیٰ دے دیا ہے۔