|

وقتِ اشاعت :   April 23 – 2022

کوئٹہ: پاکستان تحریک انصاف بلوچستان کے صوبائی سیکرٹریٹ سے جاری بیان میں صوبائی صدر پاکستان تحریک انصاف بلوچستان و سابق ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم خان سوری، صوبائی جنرل سیکرٹری ڈاکٹر منیر بلوچ اور صوبائی سیکرٹری اطلاعات نذیر خان اچکزئی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ امپورٹڈ وفاقی حکومت کے برائے نام وزیر اعظم اور انکی ٹیم منتخب وزیر اعظم عمران خان کے بلوچستان کیلئے ترقیاتی منصوبوں کا دوبارہ سے افتتاح کرکے ان منصوبوں کا کریڈٹ نہیں لے سکتی۔

پچھلے ستر سال سے اقتدار پر قابض بلوچستان کی ترقی کے مخالف وفاقی اور صوبائی حکومتوں نے یہاں کے نام نہاد سیاسی پارٹیوں سے ملکر بلوچستان کو تباہی کے دہانے پر پہنچایا تھا، بلوچستان کے قوم پرستوں اور مذہب پرستوں نے وفاق میں ذاتی مفادات کی بنیاد پر بلوچستان کے حقوق کا سودا کیا، ان کا کوئی سیاسی نظریہ نہیں اگر ہے تو وہ ہر وفاقی حکومتوں کے ساتھ مل کر بلوچستان کے حقوق پر ڈاکہ ڈالنا ہے، واحد لیڈر عمران خان ہے جس کو بلوچستان کی پسماندگی کا احساس ہے اور دلی طور پر بلوچستان کا ہمدرد ہے، پاکستان تحریک انصاف کی وفاقی حکومت اور منتخب وزیر اعظم عمران خان نے اپنے دور اقتدار کے تین سالوں میں بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی کیلئے ہزاروں ارب روپے کی لاگت سے تاریخی منصوبوں پر کام شروع کردیا۔

جس میں کراچی سے کوئٹہ اور کوئٹہ سے چمن تک تقریبا آٹھ سو پچاس کلومیٹر ڈبل روڈ کا میگا پروجیکٹ شامل ہے، اس منصوبے سے بلوچستان میں ترقی وخوشحالی کا نیا دور شروع ہوگا، ہمارے دور حکومت میں کچلاک سے ژوب تک ڈبل روڈ پر کام تیزی سے جاری تھا، موجودہ امپورٹڈ حکومت سے بلوچستان میں جاری وزیر اعظم عمران خان کے دور کے ترقیاتی منصوبوں کو ختم کرنے یا کام کی رفتار کو سست کرنے کا خدشہ ہے امپورٹڈ وزیر اعظم کراچی کوئٹہ چمن شاہراہ کی ڈوئلائزیشن کا جتنی مرضی افتتاح کرلے ان منصوبوں کا کریڈٹ حاصل نہیں کرسکتے، بلوچستان کی تباہی کے ذمہ دار ن لیگ، پی پی پی اور انکے اتحادیوں نے عوام کو بے وقوف بنانے کیلئے پاکستان تحریک انصاف دور حکومت کے منصوبوں کا دوبارہ سے افتتاح کردیا۔

بارہ سو ارب روپے سے زیادہ خطیر رقم سے جنوبی بلوچستان میں چھوٹے شہروں اور علاقوں کو آپس میں ملانے کیلئے نئے روڈوں پر کام ہورہا ہے، اور ایران کے بجلی پر انحصار کرنے والے بلوچستان کے مختلف علاقوں کو نیشنل گریڈ سے منسلک کیا جارہا ہے، موجودہ امپورٹڈ حکومت عمران خان دور حکومت کے منصوبوں کی کریڈٹ لینے کیلئے بلوچستان کے عوام کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی کوشش کررہی ہے، انشااللہ امپورٹڈ حکومت کو ایک دن بھی چلنے نہیں دینگے، ہماری جماعت قومی اسمبلی کی اکثریتی جماعت ہے سب سے زیادہ عوامی مینڈیٹ ہمیں حاصل ہے امپورٹڈ حکومت اور انکے کرپٹ اتحادیوں کو گھر بھیجنے کا وقت آگیاہے۔