مستونگ: گیس بحران شدت اختیار کر گیا پریشر کی کمی اور 12 گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے معمول زندگی بری طرح متاثر صارفین کو شدید مشکلات کا سامنا تفصیلات کے مطابق گزشتہ چند ہفتوں سے مستونگ شہر اور گردونواح کے علاقوں میں گیس کی بحرانی کیفیت مزید شدت اختیار کر گئی ہے شہر میں پریشر کی کمی کے ساتھ بارہ گھنٹے کی لوڈشیڈنگ بھی شروع کر دی ہے علی الصبح پانچ بجے سے لے کر دن گیارہ بجے جبکہ شام چھ بجے سے رات گئے تک چولہے ٹھنڈے پڑ جاتے ہیں جس کی وجہ سے عوام اور خواتین کو امور خانہ داری کے سلسلے میں شدید مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے کہاکہ محکمہ کے مقامی منیجر اور صوبائی حکام سے پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ کا نوٹس لے کر خاتمہ نہ کیا تو گیس بلوں کی ادائیگی روک کر احتجاجی تحریک چلانے کے ساتھ گیس دفتر کا گھیراؤ کر کے تالہ بندی کرنے کے ساتھ قومی شاہراہ بلاک کرینگے واضح رہے کہ گیس بندش اور بحران کی وجہ سے ایل پی جی سیلنڈر گیس اور لکڑی کی مانگ میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے علاوہ ازیں سوئی سدرن گیس کمپنی کے زونل منیجر محمد ہاشم علیزئی نے اس سلسلے میں مقامی صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے اپنے موقف میں کہا کہ کوئٹہ لوڈشیڈنگ 16 انچ قطر پائپ لائن کی بچھائی مرمت کی وجہ سے لوڈشیڈنگ کی جا رہی ہے انہوں نے کہاکہ مستونگ اور گردونواح کے علاقوں میں بڑے پیمانے پر گیس چوری اور غیر قانونی کنکشنز کی وجہ سے مستونگ کا پریشر کم ہوتا ہے انتظامیہ کی مدد سے گیس چوروں کے خلاف کریک داؤن کا سلسلہ جاری ہے جلد بحران پر قابو پا لینگے