کوئٹہ: بلوچستان کے سینئر سیاست دان وسابق سینیٹر نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی نے بی این پی سے راہیں جدا کرنے کے متوقع اہم فیصلہ پر ہم خیال ساتھیوں ، کارکنوں ، عمائدین ورفقاء سے مشاورت کا آغاز کردیا۔ جمعہ کی رات گئے سراوان ہاوس میں ہونے والے مشاورتی اجلاس میں صوبے کے طول وعرض سے آنے والے ہم خیال ساتھیوں ، کارکنوں ، عمائدین ورفقاء نے نوابزادہ حاجی میر لشکری رئیسانی کے فیصلے پر طویل غور وخوض کیا۔
نوابزادہ حاجی میر لشکری خان رئیسانی کے قریبی ذرائع نے بتایا ہے کہ گزشتہ شب سراوان ہاوس میں ہونے والے اجلاس میں بلوچستان کے طول و عرض سے نوابزادہ حاجی لشکری رئیسانی کے ہم خیال ساتھیوں ، کارکنوں ، عمائدین ورفقاء نے شرکت کی جس میں میر ہمایوں عزیز کرد کے بعد دیگر قریبی ساتھیوں کے پارٹی سے مستعفی ہونے کے اقدام کی وجوہات کا جائزہ لیا گیا۔
ذرائع نے بتایا کہ طویل مشاورت کے بعد نوابزادہ لشکری رئیسانی نے بی این پی سے راہیں جدا کرنے کے اپنے اہم متوقع فیصلے کا حتمی اختیار ہم خیال ساتھیوں ، کارکنوں ، عمائدین ورفقاء دیا جس پر انہوں نے کہاکہ نوابزادہ لشکری خان رئیسانی اپنے اصولی فیصلوں میں بااختیار ہیں وہ جو بھی فیصلہ کریں گے اس کا احترام کیا جائیگا تاہم رات گئے تک حتمی مشاوت کا سلسلہ جاری رہا ، ذرائع نے بتایا کہ اہم متوقع فیصلے کا باقاعدہ اعلان نوابزادہ لشکری رئیسانی آئندہ چند روز میں کریں گے