کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع قلعہ عبداللہ میں زمین کے تنازعہ پر دوقبائل کے درمیان بھاری ہتھیاروں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص جاں بحق جبکہ دوافراد زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کی وجہ سے کئی گھنٹے تک تک چمن کوئٹہ شاہراہ پر ٹریفک معطل رہی۔ اسسٹنٹ کمشنر قلعہ عبداللہ وقار عالم خورشید نے بتایا کہ زمین کے تنازعہ پر دو مقامی قبائل پیرعلیزئی قبیلے کے شاہ ولی اور محبوب کلازئی کاکڑ گروہ کے درمیان شدید فائرنگ کا تبادلہ ہوا جو کئی گھنٹے تک جاری رہا ۔ دونوں اطراف سے بھاری ہتھیاروں کا استعمال بھی کیا گیا۔فائرنگ کے تبادلے میں ایک شخص محبوب ولد بدر الدین کلازئی کاکڑ سکنہ میزئی اڈہ جاں بحق جبکہ دو افراد اختر محمد ولد محمد غوث کاکڑ اور سمیع اللہ عرف سیمن ولد جہانگیر پیرعلیزئی زخمی ہوگئے۔ لاش اور ایک زخمی کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردی اگیا۔ واقعہ کے بعد کلازئی کاکڑ قبیلے کے افراد نے جنگل کیمپ کے مقام پر کوئٹہ چمن شاہراہ کو ہر قسم کی آمدروفت کیلئے بند کردیا۔ اسسٹنٹ کمشنر وقارعالم خورسید نے بتایا کہ لیویز اہلکاروں کی بھاری نفری علاقے میں پنچا دی گئی ہے اور مسلح قبائل سے مورچیں خالی کروانے کے لئے کوششیں کی جارہی ہیں۔