|

وقتِ اشاعت :   May 20 – 2022

کوئٹہ:بلوچستان نیشنل پارٹی ضلع جھل مگسی کے صدر فیاض احمد لاشاری اور بی این پی ضلع کوئٹہ کے صدر غلام نبی مری نے کہا ہے کہ بلدیاتی انتخابات میں جھل مگسی میں مختلف حربوں کے ذریعے بی این پی کے کارکنوں اور امیدواروں کو ہراساں کیا جارہا ہے، الیکشن کمیشن اور ضلعی انتظامیہ کی ملی بھگت سے دھاندلی کے خدشات ہیں ہمیں انصاف نہ ملا تو احتجاج کا حق رکھتے ہیں

،یہ بات انہوں نے جمعہ کو بی این پی کے رہنماء آغا خالد شاہ دلسوز، کامریڈ نثار احمد لاشاری، میر شعیب لاشاری سمیت دیگر کے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ بی این پی کے ضلع جھل مگسی کے جنرل کونسلر کے امیدواروں کو ہراساں کر نے کے ساتھ ساتھ انہیں ڈپٹی کمشنر اور ڈی آر او گنداوا کی ملی بھگت سے جبراً دستبردار کروایا گیا اور کاغذات نامزدگی مسترد کروائے گئے

انہوں نے کہا کہ ہمارے امیدواروں کے کیس اب بھی زیر سماعت ہیں جنکا فیصلہ جلد از جلد کیا جائے انہوں نے کہا کہ جھل مگسی کی تحصیل گنداوا میں پارٹی کے امیدواروں کو جمہوری انداز میں الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت دی جائے، بلدیاتی انتخابات کے اعلان کے بعد سے جھوٹے مقدمات میں امیدواروں کو آپس میں دست وگریباں کیا جارہا ہے انہوں نے کہا کہ جھل مگسی کی انتظامیہ کو تبدیل کیا جائے انتظامیہ کی تبدیلی تک جھل مگسی میں غیر جانبدار انتخابات کا انعقاد ممکن نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ہمارے مطالبات تسلیم نہ ہوئے تو احتجاج کا حق محفوظ رکھتے ہیں