گجرات: پولیس اہلکار نے سستا بکرا نہ دینے پر بیوپاری کے بکرے ریلوے لائن پر چھوڑ دیئے جہاں ٹرین کی زد میں آکر 50 بکرے ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے۔
گجرات کے علاقے سروس موڑ پر جانوروں کا ایک بیوپاری قربانی کے بکروں کو فروخت کررہا تھا کہ ایک پولیس اہلکار نے من مانی قیمت پر بکرا خریدنا چاہا تاہم بیوپاری کے انکار پر پولیس اہلکار نے اس کے 80 سے زائد بکروں پر ریلوے لائن پر چھوڑ دیا جہاں اسلام آباد سے لاہور آنے والی ٹرین کی زد میں آکر 50 بکرے ہلاک اور 30 سے زائد زخمی ہوگئے جن میں سے شدید زخمی بکروں کو ذبح کردیا گیا۔
بیوپاریوں کا پولیس کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پولیس اہلکار 35 سے 40 ہزار کا بکرا صرف 15 ہزار میں خریدنا چاہتا تھا تاہم انکار پر اس نے بیوپاری کا لاکھوں روپے کا نقصان کردیا جب کہ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے واقعے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔
دوسری جانب ایکسپریس نیوز کے پروگرام میں خصوصی بات چیت کرتے ہوئے ڈی پی او گجرات رائے ضمیر الحق کا کہنا تھا کہ بکروں کی ہلاکت کے معاملے کی تحقیقات ایس پی کررہے ہیں جب کہ بکروں کے معاملے پر چوکی انچارج سمیت 3 اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بکروں کو پٹڑی کی طرف دھکیلنےوالے پولیس اہلکاروں کو سخت سزادی جائیگی اور وہ بیوپاری کے نقصان کا ازالہ کریں گے جب کہ چوکی انچارج اور ملوث اہلکاروں کےخلاف مقدمہ درج کیا جائے گا۔
گجرات میں پولیس نے بیوپاری سے بکرے چھین کر ٹرین سامنے چھوڑدیئے، 50 ہلاک اورمتعدد زخمی
وقتِ اشاعت : September 23 – 2015