|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2015

کوئٹہ: ڈپٹی مےئر کوئٹہ میٹروپولیٹن کارپوریشن محمد یونس بلوچ نے کہا ہے کہ پیڈپارکنگ کا مقصد شہر میں چوری کی روک تھام ہے اور گاڑی /موٹرسائیکل/سائیکل کی چوری کی صورت میں ذمہ داری ٹھیکیدار پر عائد ہوگی۔ انہوں نے پیڈپارکنگ ٹھیکیداروں کو ہدایت کی کہ وہ پارکنگ کی رسید پر اپنی ذمہ داری جلی حروف میں درج کریں۔ ڈپٹی مےئر نے کہا کہ شہریوں کو تنگ نہ کرنا بھی ٹھیکیدار کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ سیدھے ہاتھ پر پارکنگ اخلاقیات میں شامل ہے اور ہم سب کو اس کا خیال رکھنا چاہئے۔ ڈپٹی مےئر کوئٹہ نے کہا کہ کارپوریشن کے پارکنگ پلازوں پر مشتمل پراجیکٹ کی تکمیل تک پیڈ پارکنگ کا یہ سلسلہ جاری رہے گا اور پراجیکٹ کے مکمل ہوجانے کے بعد اس کی ضرورت باقی نہیں رہے گی انہوں نے کہا کہ ہر اچھی چیز کی مخالفت ہمارا عام رجحان بن گیا ہے لیکن پیڈ پارکنگ کے مستقبل میں اچھی اثرات مرتب ہوں گے۔ ڈپٹی مےئر نے کہا کہ کوئٹہ کے شہریوں کو دیگر مسائل کے علاوہ ٹریفک کا گھمبیر مسئلہ درپیش ہے اور ہم نے عوام کی مشکلات کو حل کرنے اور بتدریج انہیں تمام سہولتیں مہیا کرنے کا تہیہ کررکھا ہے۔