|

وقتِ اشاعت :   September 30 – 2015

ہرنائی: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے صوبائی جنرل سیکرٹری صوبائی وزیر اطلاعات عبدالرحیم زیارتوال نے کہا کہ ضلع ہرنائی کو ماڈل ضلع میں تبدیل کرنے کیلئے دن رات کوشاں ہیں اور ضلع ہرنائی کی پسماندگی کا خاتمہ ہی ان کی اولین ترجیح ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہرنائی کلی خدرانی میں ملک ہاوس میں 40 سے زائد افراد کی پشتونخوامیپ میں شمولیت کرنے کے حوالے سے منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا اس موقع پر پارٹی کے ضلعی سنیئر معاون سیکرٹری محمد نعیم، ضلعی معاون سیکرٹری خیرمحمد افغان ، محبوب شاہ ، ڈسٹرکٹ کونسل کے ممبر حاجی حقداد ترین، یوسی ناکس ون کے چیئرمین دوران خان ترین ،ملک عبداللہ جان ترین اورڈپٹی ڈائریکٹر لائیواسٹاک ڈاکٹر فیض اللہ ترین بھی موجود تھے صوبائی وزیر عبدالرحیم زیارتوال نے پارٹی میں نئے شامل ہونے والوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہاکہ پشتونخوامیپ پشتون قوم کی اپنی جماعت ہے اور پشتونخوامیپ واحد قوم پرست سیاسی جماعت ہے جو پشتون قوم کی ترجمان اور نمائندہ جماعت ہے پشتونخوامیپ پشتون قوم کے حقوق کے حصول اورپشتون قوم کی برابری و ترقی و خوشحالی کیلئے ہر فورم پر جدوجہد کررہی ہے انہوں نے کہاکہ پشتونخوامیپ نے انتہائی مختصر عرصے میں ضلع ہرنائی سمیت صوبہ بھر کے پسماندہ علاقوں کی ترقی پر خصوصی توجہ دی ہے اور دے رہی ہے انہوں نے کہاکہ ضلع ہرنائی میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل سے ضلع ہرنائی ترقی یافتہ اضلاع کی صف میں شامل ہوگا انہوں نے کہاکہ ضلع ہرنائی میں تمام شعبوں میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز منظور کئے گئے ہیں اور ان ترقیاتی منصوبوں پر تعمیراتی کام تیزی سے جاری ہے انہوں نے کہاکہ زرغون غر سے لیکر اسپین تنگی ، کوریاک تک تمام فارم ٹومارکیٹ سڑکوں اور ندی نالوں پر پلوں کی تعمیر کیلئے صوبائی حکومت نے فنڈز منظور کئے ہیں او ر ضلع میں فارم ٹو مارکیٹ رابطہ سڑکوں اور پلوں کی تعمیر کے بعد ضلع میں کوئی ایسا علاقہ نہیں ہوگا جہاں پختہ سڑکیں نہ ہوں اوران تمام رابطہ سڑکوں کو قومی شاہراہ سے ملایا جائے گا تاکہ زمینداراپنی سبزیوں اوردیگر اجناس کو بروقت اور ستے داموں منڈیوں تک پہنچا سکیں اسکے علاوہ ان سڑکوں کی تعمیر سے سفر کرنے میں بھی سہولت ہوگی صوبائی وزیر نے کہاکہ حکومت صوبے کے تمام اضلاع میں برابری کی بنیاد پر یکساں ترقی پر یقین رکھتی ہے اور ہم صوبے کے دوردراز علاقوں کے عوام کو زندگی کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کیلئے ہر ممکن اقداما ت کررہے ہیں انہوں نے کہاکہ ضلع ہرنائی چونکہ زرعی پیدوار میں صوبہ بھر میں مشہور ہے اور ضلع میں زراعت کی ترقی کیلئے مختلف منصوبوں پر کام جاری ہے جبکہ بعض منصوبوں پر کام مکمل ہوچکا ہے خصوصاََ زرعی پانی کے بچاؤ کیلئے کروڑوں روپے کی لاگت سے پختہ زرعی نالے بنائے گئے ہیں اور آئندہ مالی سال میں مزید پختہ زرعی نالوں کی تعمیر اور زراعت کی ترقی کیلئے فنڈز منظورکئے جائیں گے انہوں نے نئے شامل ہونے والے کارکنوں کو پارٹی میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی اس موقع پر صوبائی وزیر کو مختلف لوگوں نے اپنے مسائل کے حوالے سے درخواستیں پیش کیں جنکے حل کی یقین دہانی کراتے ہوئے انہوں نے بعض درخواستوں پر موقع پر احکامات جاری کئے۔