کوئٹہ: پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری صوبائی صدر سینیٹر عثمان خان کاکڑ نے کہا ہے کہ پشتونخوامیپ نے ہمیشہ ہر قسم کے ظلم وجبر نا انصافی استعماری بالادستی اور استحصال کیخلاف آواز بلند کی اور پشتونخواوطن کے عوام کے قومی سیاسی جمہوری اہداف کے حصول کیلئے عوام کو متحرک کیا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم باغ کلی پشہ موروزئی میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ جس سے پارٹی کے ضلعی سیکرٹری چےئرمین اللہ نور خان ، جمعہ خان صاحب ، ڈاکٹر اسحاق صاحب ، ملک سلطان ، شمس اللہ اور محمد حلیم نے بھی خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ بولان تا چترال محکوم پشتون افغان ملت و وطن کی ملی وحدت کا قیام قومی تشخص کی بحالی اور ہمارے قدرتی معدنی وسائل پر پشتونخوا وطن کے عوام کا قومی سیاسی معاشی حاکمیت و حق ملکیت قائم کرکے ملک میں دیگر اقوام کے ساتھ قومی برابری اور صوبے میں پشتون بلوچ برابری کیلئے جدوجہد ہر وطن دوست فرد کا بنیادی فریضہ ہے ۔ اور اس کیلئے عوام میں قومی سیاسی شعور کو اجاگر کرنے کیلئے بہترین پلیٹ فارم پشتونخوامیپ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں ہر قسم کی بدامنی لاقانونیت ، دہشتگردی ، فرقہ واریت ، اغواء برائے تاوان اور دیگر سماج دشمن سرگرمیوں کی بنیاد ی وجہ اسلام آباد کی استعماری وآمرانہ قوتوں کی غلط پالیسیاں ہیں ایک جانب ملک میں محکوم اقوام کے وسائل کو بے دردی سے لوٹا جارہا ہے جبکہ دوسری جانب خطے میں استعماری وتوسیع پسند عزائم کی تکمیل کیلئے دہشتگردی انتہاپسندی کو فروغ دیا گیا تاکہ آزاد وجمہوری افغانستان وخطے کے دیگر ممالک میں مداخلت وجارحیت کو جاری رکھا جاسکے ۔ لیکن حکمرانوں کی ان عوام دشمن پالیسیوں سے ملک تباہ کن صورتحال سے دوچار ہوا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ بڑے پیمانے پر ملک اور خطے میں دہشتگردی کے نتیجے میں وقوع پذیر ہونیوالی تباہی کے باوجود آج بھی ملک کے آمرانہ قوتیں اور ادارے آزاد اور جمہوری افغانستان میں مداخلت کی پالیسی پر گامزن ہے اور اچھے اور برے طالبان کی پالیسی پر عمل کیا جارہا ہے جس سے نہ صرف خطے بلکہ دنیا کے امن کو بھی خطرات لاحق ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے آمرانہ قوتوں نے روز او ل سے لیکر آج تک ملک میں حقیقی جمہوریت اور عوام کی منتخب پارلیمنٹ کی بالادستی کو تسلیم نہیں کیا ہے اور آج بھی ملک میں عوام کے منتخب اداروں کیخلاف سازشیں کی جارہی ہے اور عوام کے منتخب اداروں کے اختیارات کو کم کرنے کی کوششیں کی جارہی ہے لیکن جمہوری وطن دوست عوام دوست قوتیں جمہوریت اور جمہوری اداروں کے خلاف ہر قسم کی آمرانہ سازشوں کو ناکامی سے دوچار کریگی۔ انہوں نے کہا کہ آج ملک میں پشتونوں پر نادرا نے اذیت ناک صورتحال مسلط کی ہے جنوبی پشتونخوا میں عوام کیلئے آئینی وقانونی وشہری حق شناختی کارڈ شجر ممنوعہ بن چکاہے اور شناختی کارڈ بنانے کیلئے نادرا نے ملک کے دیگر صوبوں کے برعکس انتہائی ناروا غیر قانونی اور نادرا کے بنیادی ایس او پی کے برعکس شرائط لاگو کےئے ہیں پنجاب میں پشتونوں پر نادرا اور پولیس نے عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے آئے روز پشتونوں کی گرفتاریاں اور تھانوں میں ان پر تشدد اور حبس بیجا ء میں رکھنے کی پالیسی رواں رکھی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں شفاف اور حقیقی مردم شماری ہمارے عوام کا متفقہ قومی مطالبہ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بعض عناصر مہاجرین کا واویلا کرکے دراصل صاف اور شفاف مردم شماری کی راہ میں رکاوٹیں حائل کرنا چاہتے ہیں تاکہ ایک بار پھر پشتون عوام پر غلط اور بوگس مردم شماری مسلط کرکے انہیں اپنے قومی سیاسی حقوق سے محروم کیا جاسکے لیکن پشتونخوامیپ پشتون عوام کے قومی سیاسی حقوق کیخلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیگی ۔ انہوں نے کہا کہ پشتون اور بلوچ دو برادر برابر اقوام ہے اور برادری کر رشتے کو قائم کرنے کیلئے باہمی احترام ناگزیر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ عوام کی مسائل کے حل کیلئے بھرپور انداز میں جدوجہد کررہی ہے لیکن ماضی کی کرپٹ حکومتوں بالخصوص جمعیت علمائے اسلام نے پشتونوں کے حقوق پر نہ صرف چشم پوشی اختیار کی بلکہ ہمارے حقوق پر سمجھوتے کےئے اور سابقہ حکومتوں میں جس طرح کرپشن ، کمیشن ، اقرباء پروری کو فروغ حاصل ہوا اس کی ماضی میں نظیر نہیں ملتی لیکن پشتونخوامیپ نے ہر قسم کے کرپشن وکمیشن ، اقرباء پروری اور میرٹ کی پامالی کا دروازہ بند کرکے قانون کی رٹ بحال کی ہے اور صوبے میں امن وامان کی صورتحال کافی حد تک بہترہوئی ہے ۔