کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع قلات سے کانگو کے دو مشتبہ مریضوں کو کوئٹہ کے فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ اسپتال میں داخل کردیا گیا۔ وبائی امراض کیلئے مختص اسپتال کے آئسولیشن وارڈ کے انچارج ڈاکٹر نصیر محمد کے مطابق مشتبہ مریضوں 23 سالہ محمد انور کا تعلق قلات کے علاقے سوراب جبکہ 30 سالہ زبیر کا تعلق قلات کے علاقے زہری سے ہے، دونوں مریضوں کو شدید بخار کی شکایات ہیں۔ کانگو وائرس کی تصدیق کیلئے مریضوں کے خون کے نمونے لیکر ٹیسٹ کیلئے بجھوادیئے ہیں۔ ٹیسٹ کے بعد ہی پتہ چلایا جاسکے گا کہ مریض جانوروں سے انسانوں میں منتقل ہونے والے کانگو وائرس میں مبتلا ہے یا نہیں۔ انہوں نے بتایا کہ زبیر نے عید پر پکنک کے دوران جانور ذبح کیا تھا اور ان کا ملیریا کا ٹیسٹ بھی مثبت آیا ہے۔ جبکہ دوسرے مریض محمد انور نے جانور کو ذبح کرنے یا کھال اتارنے کے عمل میں حصہ نہیں لیا۔ ڈاکٹر نصیر محمد نے مزید بتایا کہ بلوچستان میں یکم اکتوبر سے اب تک کانگو کے شبہ میں سولہ مریضوں کو فاطمہ جناح جنرل اینڈ چیسٹ اسپتال لایا جاچکا ہے جن میں تین افراد کی اموات ہوچکی ہیں۔