|

وقتِ اشاعت :   June 14 – 2022

اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے بعض سیاسی شخصیات کی طرف سے الیکشن کمیشن اورچیف الیکشن کمشنر پر بے بنیاد و حقیقت کے برعکس اور غیر ذمہ دارانہ الزامات لگائے گئے ہیں ۔ الیکشن کمیشن ان الزامات کی سختی سے مذمت اور تردید کرتا ہے

پچھلے چند رو ز سے مسلسل میڈیا پر بعض سیاسی شخصیات کی طرف سے الیکشن کمیشن اورچیف الیکشن کمشنر پر بے بنیاد و حقیقت کے برعکس اور غیر ذمہ دارانہ الزامات لگائے گئے ہیں ۔ الیکشن کمیشن ان الزامات کی سختی سے مذمت اور تردید کرتا ہے ۔ کمیشن نے پنجاب کے 20حلقوں میں شفاف الیکشن کے لئے مناسب انتظامات کئے ہوئے ہیں جیسا کہ خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے بلدیاتی انتخابات میں کئے گئے تھے اورمذکورہ انتخابات میں پولنگ میں رکاوٹ ڈالنے اور غیر قانونی اقدام اٹھانے پر الیکشن کمیشن نے نہ صرف فوری نوٹس لیا بلکہ بااثر لوگوں کے خلاف بلا امیتاز بھر پور کارروائی بھی کی ۔اور آئندہ بھی تمام انتخابات میں ایسا ہی کرتا رہے گا۔ نیز یہ تاثر بھی غلط پھیلایا جا رہا ہے کہ ووٹرز کو جان بوجھ کر دور دراز شفٹ کر دیا گیا ہے اور حلقہ بندی کو بھی تبدیل کر دیا گیا ہے حالانکہ پنجاب میں 20حلقوں میں ضمنی الیکشن موجودہ انتخابی فہرستوں اور حلقہ بندیوں پر ہو رہے ہیں ۔ جبکہ 2023کے عام انتخابات کے لئے غیر حتمی انتخابی فہرستیں ڈسپلے سنٹر ز میں رکھ دی گئی ہیں تاکہ تمام ووٹرز کے اندراج اور کوائف کی در ستگی کو یقینی بنایا جا سکے ۔
الیکشن کمیشن ووٹر ز کو یقین دلاتا ہے کہ پنجاب کے 20 حلقوں میں ضمنی الیکشن شفاف اور مروجہ قانون کے مطابق ہونگے اور اس پر کسی کو بھی شک و شبہ نہیں ہونا چاہیے اور خلاف ورزی کرانے والوں کے خلاف قانونی کارروئی عمل میں لائی جائے گی۔
امید کی جاتی ہے کہ تمام سیاسی جماعتیں آئندہ ایسے بے بنیاد الزامات سے اجتناب کریں گی ۔