|

وقتِ اشاعت :   June 24 – 2022

اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ ان کی تحقیقات میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ الجزیرہ ٹی وی کی خاتون صحافی شیریں ابو عاقلہ اسرائیلی فورسز کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئیں۔

غیر ملکی خبررساں ادارے ‘اے ایف پی’ کے مطابق فلسطینی۔امریکن صحافی نے جیکٹ اور ہیلمنٹ پہنا ہوا تھا جس پر ‘پریس’ لکھا ہوا تھا، وہ 11 مئی کو جنین شہر میں اسرائیلی فوج کے آپریشن کی کوریج کرتے ہوئے جاں بحق ہو گئیں تھیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر کی ترجمان روینا شمداسانی نے جنیوا میں رپورٹرز کو بتایا کہ ہم اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے آنے والی گولیوں سے شریں ابو عاقلہ ماری گئیں۔

 

ان کا کہنا تھا کہ یہ باعث تشویش ہے کہ اسرائیلی حکام نے اس معاملے پر تحقیقات نہیں کیں، ہم نے اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر میں اس واقع کی غیرجانبدرانہ مانیٹرنگ کی ہے.

انہوں نے بتایا کہ ابتدائی طور پر اسرائیلی حکام نے دعویٰ کیا تھا کہ شیریں ابو عاقلہ مسلح فلسطنیوں کی فائرنگ سے جاں بحق ہوئیں، تاہم اس کے برعکس جن گولیوں سے شیریں ابو عاقلہ جاں بحق اور ان کے ساتھ علی سمودی زخمی ہوئے تھے وہ اسرائیلی فوج نے چلائی تھیں۔

روینا شمداسانی کا مزید کہنا تھا کہ یہ معلومات اسرائیلی افواج اور فلسطینی اٹارنی جنرل کی جانب سے آئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ ہمیں ایسے کوئی شواہد نہیں ملے کہ جہاں پر صحافی موجود تھے اس کے قریبی علاقے میں مسلح فلسطینی کارروائیاں کررہے تھے۔

 

انسانی حقوق مانیٹرنگ کے مروجہ طریقہ کار کے تحت اقوام متحدہ کے انسانی حقوق دفتر نے تصاویر، ویڈیو اور آڈیو میٹریل کا جائزہ لینے کے ساتھ جائے وقوعہ کا دورہ کیا، ماہرین سے مشاورت کی، سرکاری کمیونیکیشن کا جائزہ اور گواہوں کے انٹرویو بھی لیے۔

تحقیقات سے ظاہر ہوا ہے کہ 7 صحافی مغربی راستے سے جنین مہاجرین کیمپ میں 6 بجے کے بعد پہنچے۔

تقریبا ساڑھے 6 بجے چار صحافیوں نے خاص گلی کی طرف رخ کیا، بظاہر نشانہ لے کر چلائی جانے والی گولیاں اسرائیلی سیکیورٹی فورسز کی جانب سے ان کی آئیں۔

ایک گولی علی سمودی کے کندھے میں لگی جس سے وہ زخمی ہوگئے جبکہ دوسری گولی شریں ابو عاقلہ کے سر میں لگی جس سے وہ فوراً ہی جاں بحق ہو گئیں۔

اقوام متحدہ کے انسانی حقوق چیف مائیکل بیچلیٹ نے اسرائیل پر زور دیا ہے کہ وہ شیریں ابو عاقلہ کے قتل کی مجرمانہ تحقیقات شروع کرے اور اس کے ساتھ ساتھ غزہ میں قانون نافذ کرنے والے آپریشن اور ویسٹ بینک میں اسرائیلی فورسز کی جانب سے تمام مارے جانے والے افراد کی تحقیقات کرے۔