|

وقتِ اشاعت :   October 17 – 2015

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ہرنائی اور کوہلو میں ایف سی اور حساس اداروں نے کارروائیوں کے دوران بھاری اسلحہ برآمد کر لیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق کارروائی لورالائی کے قریب ہرنائی کے علاقے کھو سٹ میں کالعدم تنظیم کے ٹھکانوں کے خلاف کی گئی جس کے نتیجے میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں سے اسلحہ برآمد ہوا۔ برآمد ہونے والے اسلحہ میں 13 راکٹ گولے ، راکٹ لانچر ،11 فیوز،10 بارودی سرنگیں ، دو ٹینک شکن بارودی سرنگیں، ایک بنڈل پرائما کارڈ،19 ڈیٹو نیٹرز،دوربین اور سولر پینل شا مل ہیں ۔ کارروائی کے دوران تاہم کسی قسم کی گرفتاری عمل میں لائی جاسکی۔ دریں اثناء کوہلو کے علاقے کٹا عیسانی کلی خودی ذکریانی میں ایف سی اور حساس اداروں نے حاجی مہر گل اور دیگر تین گھروں کے گھروں پر چھاپے مارے اور وہاں سے ایک کلاشنکوف،دو عدد تھری ناٹ تھری رئافل، چار دوربین، پچھتر گولیاں برآمد کیں تاہم کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی۔ دریں اثناء کوئٹہ میں انسداد دہشت گردی فورس اور حساس ادارے نے کالعدم تنظیم کے پانچ مبینہ ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کر لیا۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق سریاب کے علاقے میں انٹی ٹیررسٹ فورس اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور کالعدم جیش الاسلام کے 3 ٹارگٹ کلرز کو گرفتار کیا گیا۔سیکورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں دہشتگردی کی کئی وارداتوں کا اعتراف بھی کیا ہے۔ سیکورٹی ذرائع کے مطابق گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر سیٹلائٹ ٹاؤن میں ایک مدرسے چھاپہ مارا گیا جہاں ان کے مزید دو ساتھیوں کو بھی گرفتار کر لیا گیا ۔ گرفتار ملزمان کے قبضے سے پولیس ، کاؤنٹر ٹیررازم فورس کی وردیاں ، تین کلاشنکوف، پستول اور دیگر اسلحہ برآمد کر لیا ۔گرفتار ملزمان کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا۔