کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ہرنائی اور لورالائی میں آسمانی بجلی گرنے کے واقعات میں تین بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق اور چار زخمی ہوگئے۔ لیویز کے مطابق ہفتہ کو ہرنائی اور گردو نواح میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی جس کے بعد نشیبی علاقے زیر آب آگئے۔ ہرنائی سے سولہ کلو میٹر دور وام تنگی کے علاقے میں آسمانی بجلی گرنے سے ملک شاہ جہان ترین ولد محمد علی کا گھر تباہ ہوگیا اور گھر میں موجود شاہجہان ترین کی تین بیٹیاں کلثوم بی بی ، فہمیدہ بی بی اور ماجدہ بی بی جاں بحق جبکہ تین بچے ثومیہ ، عبدالرحمان اور عبدالرحیم زخمی ہوگئے۔ جاں بحق و زخمی ہونے والے بچوں کی عمریں تین سے دس سال کے درمیان بتائی جاتی ہیں۔ زخمی بچوں کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ملک شاہ جہان ترین سابق صوبائی وزیر جیل خانہ جات کے قریبی رشتہ دار ہیں۔ دوسری جانب ضلع لورالائی کی تحصیل دکی میں آسمانی بجلی گرنے سے افغانستان کے رہائشی دو کوئلہ کانکن عبدالولی ولد عبدالقادر اسحاق زئی اور اختر محمد ولد عبدالمحمد ہوتک جاں بحق جبکہ لانڈو ولد اندرا نامی شخص ہوگیا۔ لورالائی ہی کے علاقے پارک آباد میدانی میں بھی آسمانی بجلی گرنے سے بی اینڈ آر کالونی کا رہائشی بتیس سالہ کلیم اللہ ولد عبدالرحمان مروت نامی نوجوان جاں بحق ہوگیا۔
ہرنائی اور لورالائی میں آسمانی بجلی گرنے سے تین بچوں سمیت چھ افراد جاں بحق
وقتِ اشاعت : October 25 – 2015