تربت: تمپ پنجوئے ڈن میں سیکورٹی فورسزکی مبینہ مارٹرحملے کے خلاف تربت سول سوسائٹی اور حق دوتحریک کی جانب سے تربت پریس کلب روڈ سے ریلی نکالی گئی، ریلی کے شرکا نے ہاتھوں میں واقعے کے خلاف درج نعروں پرمبنی پلے کارڈزاٹھارکھے تھے۔
نعرہ بازی کرتے ہوئے ریلی کے شرکانے تربت چوک کی شمالی اسٹریٹ میں روڈ بند کرکے کے جلسہ کیا جس سے تربت سول سوسائٹی کے کنوینر کامریڈ گلزاردوست، جماعت اسلامی کے ضلعی امیر غلام یاسین، حق دو تحریک کیچ کے ڈپٹی آرگنائیزر یعقوب جوسکی،ملانصیر، بی ایس او تربت زون کے صدربالاچ رشید، بی ایس او پجار کے ضلعی رہنما مہران بلوچ، بی ایس او کے رہنما یاور بلوچ اور دیگرنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ایف سی اپنی خفت مٹانے اور حقائق کو چھپانے کے لئے زخمیوں کو چوری چھپے علاج کررہاہے،انہیں فوری طور پر چھوڑ دیا جائے ہم خود انہیں بہترین علاج ومعالجہ فراہم کریں گے۔
اس کے لئے ہم چندہ کریں گے لیکن اپنے لوگوں کا خود علاج کریں گے، انہوں نے کہاکہ اس سے قبل ریاستی ڈیتھ اسکواڑنے ڈنک میں ملک ناز کو شہید کیا اور آج وہ ماہکان کو زخمی کرنے کے واقعے میں ملوث ہیں،اپنے لوگوں پر ہونے والے ظلم کے خلاف قلم اور لفظ کے تمام محازوں کو بروئے کار لائیں گے اوراس ظلم کے خلاف ڈٹ جائیں گے، یہ چوک گواہ ہے۔
کہ ہم نے ہمیشہ اپنے مظلوم عوام کے لئے آوازاٹھائی ہے اور ہمیشہ آوازاٹھاتے رہیں گے، انہوں نے کہاکہ ہمیں بطور قوم اس ظلم کے خلاف اٹھنا ہوگا موت برحق ہے چاہے آپ لاتعلق رہیں بھی آپ نے ایک دن اس جہان فانی سے کوچ کرنا ہے توکیوں نہ اس زندگی کو بامعنی بناتے ہوئے مرنے کے خوف کو نکالا جائے اور اپنے لوگوں کے ساتھ آوازملائی جائے۔ریلی میں متاثرہ خاندان سے تعلق رکھنے والے خواتین سمیت طالبات نے بھی شرکت کی۔