کوئٹہ : عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و صوبائی وزیر خوراک انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہاہے کہ بلوچستان کے مسائل کو حل کرنے کے لئے تمام سیاسی جماعتوں کو اپنا کردار ادا کرنا چاہئے، مسائل اور تنازعات کے حل کیلئے جرگہ ہماری قومی روایت ہے۔
پختون روایات میں فیصلے جرگہ کے ذریعے افہام وتفہیم سے حل ہوتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز مختلف شخصیات اور پارٹی کارکنان سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔
انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر تنازعات کے حل کیلئے جرگے کی روایات کو آگے لے جانا ہوگا۔مسائل اور تنازعات کے حل کیلئے جرگہ ہماری قومی روایت ہے۔پختون روایات میں فیصلے جرگہ کے ذریعے افہام وتفہیم سے حل ہوتے ہیں باچا خان نے پختونوں کے اصلاح اور آپسی تنازعات کے حل کیلئے شعوری کوششیں کیں اور اس مقصدکیلئے وہ گاؤں گاؤں کے دورے کئے۔
انہوں نے کہا کہ ہم مسلسل سندھ کے ذمہ دار ساتھیوں کے ساتھ رابطے میں ہیں اور صورتحال سے پوری طرح آگاہ ہیں۔ ہم یہ یقینی بنائیں گے کہ سندھ میں کاروبار اور مزدوری کے سلسلے میں مقیم پختون عزت اور احترام کے ساتھ اپنی زندگی بسر کریں۔
ہم سندھ کے بھائیوں کو پیغام دینا چاہتے ہیں کہ پختون جنگ نہیں چاہتے، پختون پرامن اور عزت کی زندگی چاہتے ہیں۔ ہم پہلے ہی اپنی مٹی پر ایک جنگ اور آزمائش سے گزر کر اپنا بہت خون بہا چکے ہیں۔ لیکن ہم عدم تشدد کے پیروکار ہیں اور جنگ نہیں چاہتے ہیں۔ اس ملک میں پہلے سے ہی بہت نفرتیں اور آزمائشیں ہیں۔ مزید نفرتیں پاکستان کیلئے ایک بہت بڑے نقصان کا باعث بنیں گی۔