|

وقتِ اشاعت :   July 20 – 2022

کراچی میں رواں ماہ ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں شہر کے تمام پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دے دیا ہے۔

کراچی پولیس آفس میں پریس کانفرنس کے دوران ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس (ایڈیشنل آئی جی کراچی) جاوید عالم اوڈھو نے بتایا کہ شہر میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں 4 ہزار 996 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے ہیں جن میں سے ایک ہزار 246 پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس جبکہ 3 ہزار 750 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔

کراچی پولیس چیف نے بتایا کہ لوکل گورنمنٹ الیکشن کے پر امن انعقاد کے لیے تمام تر حفاظتی اقدامات مکمل کر لیے ہیں اور شہر کے تمام 7 اضلاع میں سیکیورٹی پلان ہدایات کے مطابق ترتیب دیئے جا چکے ہیں۔

 

ایڈیشنل آئی جی کراچی نے بتایا کہ انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر 8 پولیس اہلکار اور حساس پولنگ اسٹیشنز پر 4 پولیس اہلکار تعینات ہوں گے اس کے علاوہ نجی سیکیورٹی گارڈز بھی معاونت کریں گے۔

پولنگ کے دوران شہر میں 37 ہزار 861 پولیس افسران و اہلکار فرائض کی انجام دہی کے لئے مامور ہوں گے جن میں 24 ہزار 968 پولنگ اسٹیشنز پر تعینات ہوں گے، 5 ہزار 10 اہلکار بطور کوئیک رسپانس فورس کا حصہ ہوں گے اور 4 ہزار 438 اہلکار ہنگامی صورت حال کے لئے رکھے گئے ہیں۔

بلدیاتی انتخابات کے دوران ایک ہزار 714 گاڑیاں سیکیورٹی ڈیوٹی کے لیے مختص کی گئی ہیں جبکہ پولیس اہلکاروں کی ویلفیئر کے لیے 154 گاڑیوں پر مشتمل 408 افراد ڈیوٹی سرانجام دیں گے۔

الیکشن مٹیریل کی بحفاظت ترسیل کو یقینی بنانے کے لیے علیحدہ سے پولیس ٹیمیں مقرر کی گئی ہیں اور الیکشن کمیشن کے آفس آر او اور ڈی آر او کے دفاتر پر بھی سیکیورٹی انتظامات کیے جا چکے ہیں۔

کراچی پولیس چیف نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشنز کے اندر پولنگ کے عمل کو پرامن بنانے اور کسی بھی امن و امان کی صورت حال پر قابو پانے کے لیے پولیس پریزائیڈنگ آفیسر کی ہدایت کے تحت قانون کے مطابق کارروائی کرے گی۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق دفعہ 144 کے تحت اسلحے کی نمائش پر پابندی کا اطلاق ہوجا چکا ہے، جس کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔