|

وقتِ اشاعت :   July 21 – 2022

اگر آپ آئی فون استعمال کررہے ہیں اور اینڈرائیڈ فون خریدنا چاہتے ہیں تو ہوسکتا ہے کہ واٹس ایپ اکاؤنٹ سے محرومی کا خیال اس خواہش کے لیے رکاوٹ بن جائے۔

یا اینڈرائیڈ فون کی جگہ آئی فون لینا چاہتے ہیں تو بھی واٹس ایپ ڈیٹا اس خواہش کے لیے بڑی رکاوٹ ثابت ہوتا ہے۔

 

مگر اب جاکر واٹس ایپ نے اینڈرائیڈ سے آئی او ایس یا آئی او ایس سے اینڈرائیڈ فون میں چیٹ ہسٹری کو منتقل کرنے کا فیچر باضابطہ طور پر متعارف کرا دیا ہے۔

اس سے قبل یہ فیچر آئی او ایس ڈیوائسز کے لیے بیٹا ورژن میں دستیاب تھا یا اینڈرائیڈ فونز کے مخصوص ماڈلز میں یہ سہولت موجود تھی۔

مگر اب یہ فیچر تمام صارفین کے لیے متعارف کرا دیا گیا ہے۔

اینڈرائیڈ سے آئی او ایس میں واٹس ایپ ڈیٹا کیسے منتقل کریں؟

اس مقصد کے لیے آئی او ایس 15.5 پر کام کرنے والے آئی فون، اینڈرائیڈ 5 یا اس کے بعد کے ورژن پر کام کرنے والے فون، موو ٹو آئی او ایس ایپ کا تازہ ترین ورژن اور اینڈرائیڈ کے لیے واٹس ایپ کے تازہ ترین ورژن کی ضرورت ہوگی۔

جب آپ اینڈرائیڈ فون پر موو ٹو آئی او ایس کو اوپن کریں گے تو وہ خودکار طور پر واٹس ایپ کو لانچ کردے گی، جہاں آپ کو ڈیٹا آئی فون میں ٹرانسفر کرنے کی اجازت دینا ہوگی۔

یہ ایپ واٹس ایپ ڈیٹا کو انکرپٹ کردیتی ہے تاکہ وہ محفوظ رہے۔

اس کے بعد جب آپ آئی فون پر واٹس ایپ کو اوپن کریں گے تو انکرپٹڈ ڈیٹا کے ڈاؤن لوڈ ہونے کا عمل مکمل ہوجائے گا، مگر صارف کے لاگ ان ہونے تک وہ ڈیٹا قابل استعمال نہیں ہوگا۔

ایک بار لاگ ان ہوجائیں گے تو تمام میسجز اور دیگر ڈیٹا واٹس ایپ کے آئی او ایس ورژن میں نظر آنے لگے گا۔

اور ہاں آپ کے اینڈرائیڈ فون پر بھی ڈیٹا اس وقت تک موجود رہے گا جب تک آپ واٹس ایپ کو ڈیلیٹ نہیں کرتے یا فون کو ری سیٹ نہیں کردیتے۔

آئی او ایس سے اینڈرائیڈ پر واٹس ایپ ڈیٹا کیسے منتقل کریں؟

فی الحال واٹس ایپ نے آئی فون سے اینڈرائیڈ پر ڈیٹا منتقل کرنے کا طریقہ کار بتایا نہیں۔

البتہ 2021 میں جب اس فیچر کو سام سنگ فونز کے لیے متعارف کرایا گیا تھا تو اس وقت کمپنی نے طریقہ بتایا تھا مگر ابھی یہ واضح نہیں کہ یہ دیگر اینڈرائیڈ فونز پر کام کرے گا یا نہیں۔

اس وقت کمپنی نے کہا تھا کہ آئی فون سے سام سنگ کے فون میں واٹس ایپ ڈیٹا منتقل کرنے کے لیے سام سنگ اسمارٹ سوئچ ایپ کے نئے ورژن کو انسٹال کرنا ہوگا۔

اسی طرح آئی فون اور اینڈرائیڈ فون پر واٹس ایپ کے تازہ ترین ورژن درکار ہوں گے، جبکہ یو ایس بی سی ٹو لائٹننگ کیبل چاہیے ہوگی۔

اینڈرائیڈ ڈیوائس یا تو نئی ہونی چاہیے یا پرانی ہے تو اسے فیکٹری سیٹنگ پر ری سیٹ کرنا ہوگا۔

اس کے بعد دونوں فونز کو کیبل کے ذریعے ایک دوسرے سے کنکٹ کرنا ہوگا۔

اس کے بعد اسمارٹ سوئچ کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے کیو آر کوڈ اسکین کرنا ہوگا۔

اس کے بعد آئی فون پر اسٹارٹ پر کلک کریں گے اور ڈیٹا منتقل ہونا شروع ہوجائے گا۔

ڈیٹا مکمل ہونے کے بعد اینڈرائیڈ فون پر واٹس ایپ کو اوپن کرکے پرانی ڈیوائس والے فون نمبر پر لاگ ان ہوں۔

لاگ ان ہونے کے بعد امپورٹ پر کلک کرنا ہوگا اور اس عمل کے مکمل ہونے کا انتظار کرنا ہوگا۔