|

وقتِ اشاعت :   November 12 – 2015

گوادر: نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈریفارم کمیشن کے وائس چیئرمین وانگ شی تاؤ (Mr. Wang Xiaotao) کی قیادت میں گوادر کا دورہ کرنے والے چینی وفد نے گوادر بندرگاہ کا معائنہ کیا، وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، وفاقی وزراء احسن اقبال، کامران مائیکل، چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی ان کے ہمراہ تھے۔ بندرگاہ پہنچنے پر چیئرمین گوادر پورٹ اتھارٹی دوستین جمالدینی اور چائنا اوورسیز پورٹ ہولڈنگ کمپنی کے حکام نے مہمانوں کا استقبال کیا، بعد ازاں چیئرمین جی پی اے کی جانب سے وفد کو گوادر پورٹ کی کارکردگی، توسیعی منصوبوں اور بندرگاہ کی استعداد کار میں اضافے سمیت دیگر متعلقہ امور اور گوادر فری ٹریڈ زون کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ چینی وفد نے گوادر پورٹ کو پاک چین دوستی کی عظیم مثال قرار دیا۔ وفد نے بندرگاہ کی تعمیر کے دوران حادثاتی طور پر اور دہشت گردی کے واقعہ کے دوران ہلاک ہونے والے چینی کارکنوں کی یادگار پر حاضری دی اور پھول چڑھائے۔