کوئٹہ: بلوچستان کے علاقے تربت میں عسکری تعمیراتی ادارے کے قافلوں پر ریموٹ کنٹرول بم اور چھوٹے ہتھیاروں کے ذریعے حملے کئے تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ تربت ہی میں سرچ آپریشن کے دوران دو افراد کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔لیویز کے مطابق ضلع کیچ کے ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت سے ساٹھ کلو میٹر دور ہوشاب میں نامعلوم افراد نے عسکری تعمیراتی ادارے فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کی گاڑی کو ریموٹ کنٹرول بم کے ذریعے نشانہ بنایا۔ دھماکے کے نتیجے میں گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا تاہم اس میں سوار اہلکار محفوظ رہے۔ نامعلوم حملہ آوروں نے بم دھماکے کے بعد چھوٹے ہتھیاروں سے فائرنگ بھی کی جس کے جواب میں ایف ڈبلیو او کی حفاظت پر مامور اہلکاروں نے بھی فائرنگ کی۔ اطلاع ملنے پر فورسز کے اہلکار بھی موقع پر پہنچے جس کے بعد حملہ آور فرار ہوگئے۔ تربت ہی کے علاقے آر ڈی 143 میں سڑک کی تعمیر کے منصوبے پر کام کرنے والے ایف ڈبلیو او کے ٹرک ڈرائیور عثمان اللہ کو نامعلوم افراد نے اسلحہ کے زور پر ٹرک سمیت اغواء کرلیا۔ اطلاع ملنے پر سیکورٹی فورسز کے اہلکار موقع پر پہنچے اور فائرنگ کے تبادلے کے بعد ڈرائیور کو ٹرک سمیت بازیاب کرلیا تاہم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ موقع سے ایک موٹر سائیکل اور پانچ گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔ ضلع کیچ ہی کی تحصیل مند میں ایف سی نے خفیہ اطلاع پر سرچ آپریشن کیا اور کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے بڑی تعداد میں اسلحہ ، فورسز کی وردیاں اور ریاست مخالف تخریبی لٹریچر برآمد کرلیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق برآمد کئے گئے اسلحہ میں چار راکٹ گولے، ایک دیسی ساختہ بم، انیس عدد دستی بم،دو رائفلیں، ایک پستول، دس میگزین ،سینکڑوں گولیاں، چار وائرلیس سیٹ شامل ہیں۔ ترجمان ایف سی کے مطابق کارروائی کے دوران موقع سے دو مشتبہ افراد کو بھی گرفتار کیا گیا جن سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔