کوئٹہ : پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری وصوبائی سیکرٹری صوبائی وزیر اطلاعات عبدالرحیم زیارتوال ،پارٹی کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری رکن صوبائی اسمبلی سٹینڈنگ کمیٹی برائے زراعت وخوراک کے چےئرمین نصراللہ خان زیرے نے افغان مینہ افغان درہ علاقائی یونٹ کے زیر اہتمام خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے شہادت کی 42برسی کے جلسہ عام کے تیاریوں کے سلسلے میں احمد شاہ بابا چوک پر بڑے عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 2دسمبر بروز بدھ سہہ پہر2بجے صادق شہید فٹبال گراؤنڈ میں عظیم الشان جلسہ عام منعقد ہوگاجس سے پارٹی کے چےئرمین جناب محمودخان اچکزئی اور دیگر رہنماء خطاب کرینگے ۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ جلسہ عام میں بھرپور انداز میں شرکت کرے۔ عوامی اجتماع سے علاقائی سیکرٹریوں جانان خان اچکزئی اور محمد رسول نے خطاب کیا ۔مقررین نے کہا کہ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی نے برصغیر پاک وہند اور پشتونخوا وطن کی آزادی ، جمہوریت ، عوام کے فلاح وبہبود ، سماجی عدل وانصاف ، برابری ، امن وترقی کیلئے لازوال قربانیاں دی اور انہوں نے فرنگی استعمار کیخلاف تاریخ ساز جدوجہد کرکے خطے کے کروڑوں عوام واقوام کو آزادی دلائی اور آخر کار اس ملک کا قیام ممکن ہوا۔ ملک کے قیام سے لیکر اپنی شہادت تک انہوں نے آمر اور جابر قوتوں ، فوجی مارشل لاؤں کیخلاف قربانیوں کا ایک تاریخ رقم کیا اور بالخصوص جنرل ایوب کے فوجی آمریت کے پورے دور میں وہ پابند سلاسل رہے ۔ انہوں نے کہا کہ خان شہید نے بولان سے چترال تک پشتونخوا وطن کی ملی وحدت ، واک واختیار کیلئے جدوجہد کی مگر افسوس سے کہنا پڑرہا ہے کہ جب صوبوں کی بحالی کا وقت آیا تو پشتون عوام کو ملی وحدت نہ مل سکی اور نہ ہی انہیں جنوبی پشتونخوا کا اپنا تاریخی صوبہ بحال ہوسکا اور آج جو عناصر پشتونخوامیپ پر تنقید کررہے ہیں انہوں نے تو پشتون عوام اور جنوبی پشتونخوا کو ہمیشہ کیلئے کسی اور کے حوالے کردیا تھا اور 1973کے آئین پر دستخط کرکے پشتونوں کے تقسیم کو جائز قرار دیا اور آج پشتون عوام کی بدحالی ، صوبے میں تیسرے درجے کی شہری کی حیثیت سے زندگی گزارنے کے ذمہ دار بھی یہی عناصر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ دین مبین اسلام کے نام پر سیاست کرنیوالے 1970سے پشتون عوام کو ورغلا رہے ہیں خدا ورسول کے نام پر ووٹ لیکر انہوں نے کرپشن ، لوٹ مار کے ایسے کارنامے سرانجام دےئے کہ اس کی ماضی میں مثال نہیں ملتی کل کے مفلوک الحال لوگ عوامی خزانوں سے کروڑو پتی اور ارب پتی بن چکے ہیں۔ 40سال سے حکومت کا حصہ رہتے ہوئے آج تک جنوبی پشتونخوا کیلئے کچھ نہ کرسکے جبکہ ہمارے باشعور عوام پشتونخوامیپ کی اڑھائی سال کے حکومت کا 40سال کے حکومت میں رہنے والی پارٹی کے ساتھ بخوبی موازنہ کرسکتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پشتونخوامیپ کے سوا کسی پارٹی کے منشور میں پشتون وحدت ، پشتون قومی حقوق بالخصوص جنوبی پشتونخوا کے عوام کی ترقی وخوشحالی شامل ہی نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ کے اڑھائی سال کے حکومت کے دوران عوام کے جان ومال کے تحفظ کو بڑی حد تک یقینی بنایا گیا ہے ماضی میں کوئٹہ کے عوام نے امن وامان کہ وہ بدترین دن دیکھے جو ناقابل بیان ہے روزانہ کی بنیاد پر اغواء برائے تاوان ، ٹارگٹ کلنگ ، چوری وڈکیتیاں روز کا معمول بن چکی تھی ، کوئٹہ چمن شاہراہ، کوئٹہ قلات خضدار ، کوئٹہ سبی اور دیگر شاہراہوں پر عوام کا سفر کرنا کسی بڑے حادثے سے کم نہ تھا مگر اب عوام ان شاہراہوں پر رات کی تاریکی میں بھی اپنے سفر کو محفوظ تصور کررہے ہیں ۔ اسی طرح موجودہ حکومت اور پشتونخوامیپ نے تعلیم صحت اور دیگر شعبوں میں عوام کیلئے بنیادی تبدیلی لائی ہے اور پشتونخوامیپ کے ممبران اسمبلی نے گزشتہ 2سالوں میں 25ہزار مستحق طلباء وطالبات میں سکالر شپ ، سپورٹس کلبوں کھلاڑیوں میں سپورٹس کے سامان ، نادار مریضوں میں میڈیکل فنڈز تقسیم کےئے گئے ۔ حالانکہ ماضی میں بھی یہ فنڈز تمام ممبران اسمبلی کے پاس تھے لیکن کروڑوں اربوں روپے کو اپنے کرپشن کے نذر کرتے تھے۔انہوں نے کہا کہ پشتونخوامیپ خان شہید عبدالصمد خان اچکزئی کے بتائے ہوئے راستے اور ان کے زرین اصولوں پر کاربند رہتے ہوئے اپنے غیور عوام کے حقوق واختیارات کیلئے جدوجہدکررہی ہے اور 2دسمبر بروز بدھ کو عظیم الشان جلسہ منعقد کرکے شہید رہنماء کو ان کی لازوال قربانیوں پر زبردست خراج عقید ت پیش کیا جائیگا ۔ مقررین نے پارٹی کارکنوں کو تاکید کی کہ وہ 2دسمبر کے عظیم الشان جلسہ کی کامیابی کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتوں کو بروئے کار لاتے ہوئے عوام سے رابطہ تیز کرے۔