کوئٹہ : کوئٹہ کے علاقے میکانگی روڈ پر بم دھماکے سے خوف و ہراس پھیل گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ایس ایس پی آپریشنز وحید الرحمان خٹک کے مطابق بدھ کی شام تقریبا آٹھ بجے پولیس تھانہ سٹی کی حدود میں میکانگی روڈ پر فائر بریگیڈ پلازہ کے قریب زوردار دھماکا ہوا۔ دھماکا اتنا زوردار تھا کہ ایک کلو میٹر دور بھی سنا گیا۔ دھماکے سے سڑک کنارے کھڑی ایئر پورٹ سیکورٹی فورس کے اہلکار کی گاڑی کو جزوی نقصان پہنچا جبکہ سیوریج لائن کا سلیب ٹوٹ گیا تاہم کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ بم ڈسپوزل اسکواڈ کی رپورٹ کے مطابق دھماکا چار سے پانچ کلو وزنی ٹائم ڈیوائس دیسی ساختہ بم کے ذریعے کیا گیا تاہم اس میں نٹ بولٹ وغیرہ کا استعمال نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے جانی نقصان نہیں ہوا۔ واجح رہے کہ دھماکا پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے جلسہ گاہ کے روٹ پر ہوا اور جلسہ گاہ دھماکے کی جگہ سے صرف چند سو گز کے فاصلے پر ہے تاہم دھماکا جلسہ ختم ہونے کے ڈھائی گھنٹے بعد ہوا۔ جلسہ سے قبل اور جلسہ کے دوران اس روٹ پر پولیس اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سیکورٹی رضا کار تعینات تھے۔ پولیس کو شبہ ہے کہ بم جلسہ ختم ہونے اور رکاوٹیں ہٹائے جانے کے بعد رکھا گیا تاکہ خوف و ہراس پھیلایا جاسکے۔ دھماکے کی جگہ سے کچھ فاصلے پر اسپیشل برانچ کے اہلکار کا گھر بھی واقع ہے۔ پولیس نے دھماکے کی مختلف پہلوؤں پر تفتیش شروع کردی جبکہ دھماکے کے بعد شہر میں سیکورٹی انتظامات بھی سخت کردیئے گئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی، ڈی آئی جی پولیس سید امتیاز شاہ، ایس ایس پی آپریشنز وحید الرحمان خٹک، کمانڈنٹ غزہ بند اسکاؤٹس اور دیگر موقع پر پہنچے اور جائے وقوعہ کا دورہ کیا۔ صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ شہر میں شہداء4 کربلا کے چہلم کے موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ دہشتگردوں کے عزائم کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ہم عوام کے جان و مال کی حفاظت کو یقینی بنائیں گے۔