کوئٹہ : وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ صوبے میں موذی امراض کے تدارک اور ٹیکہ جات کی مہم کی کامیابی کے لیے عالمی ادارے صوبائی حکومت سے تعاون کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے راہا (Raha) کے زیر اہتمام EPI سے متعلق ٹیکہ جات کی اسٹوریج کی استعداد کا ر میں اضافے اور Prosthetic اور آرتھوپیڈک پراجیکٹ کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان وسیع و عریض صوبہ ہے، جبکہ حکومت کے وسائل انتہائی محدود ہیں، عالمی امدادی ادارے صحت عامہ اور ای پی آئی اور دیگر موذی امراض کے تدارک کے لیے صوبائی حکومت سے موثر تعاون کریں، تاکہ صوبے سے موذی امراض کا خاتمہ کیا جائے، انہوں نے کہا کہ پرامن، تعلیم یافتہ اور صحت مند بلوچستان ہمارا مشن ہے، وزیراعلیٰ نے امن و امان، تعلیمی اور صحت کے شعبے میں صوبائی حکومت کے اقدامات کا تفصیلی ذکر کیا۔ تقریب سے وفاقی سفیران و وزیرمنصوبہ بندی وترقیات جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ، صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ اور سیکریٹری صحت نورالحق بلوچ نے بھی خطاب کیا، اس موقع پر صوبائی وزیر ڈاکٹر حامد خان اچکزئی بھی موجود تھے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ عالمی امدادی ادارے صحت و تعلیم کے شعبوں کی بہتری کے لیے صوبائی حکومت سے تعاون کریں، ان خیالات کے انہوں نے راہا ڈونر مشن کے وفد سے ملاقات کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ عالمی امدادی ادارے صوبے میں وفاق کی توسط سے آتے ہیں جس کے باعث صوبے کو امدادی اداروں کی جانب سے امدادی منصوبوں کے حصول میں مشکلات درپیش آتی ہیں، وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان میں امن و امان ، تعلیم و صحت کے شعبوں کی بہتری پر حکومت نے خصوصی توجہ مرکوز کر رکھی ہے ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر صحت رحمت صالح بلوچ، مشیر تعلیم سردار رضا محمد بڑیچ، ایڈیشنل چیف سیکریٹری منصوبہ بندی و ترقیات نصیب اللہ بازئی، سیکریٹری خزانہ مشتاق احمد رئیسانی اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔