گوادر : نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر سابقہ وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ گوادر سید ظہورشاہ کی سرزمین ہے، سید ظہورشاہ ہاشمی نے اپنے ادبی اسلوب اور وجدان سے علم و شعور اور آگہی کے فروغ کو ممکن بناکر بلوچ قوم اور بلوچی زبان کو ممتاز کرایا، سید ظہورشاہ ہاشمی کے شہر سے تعلق رکھنے والے نوجوان حصول علم کے لئے اپنی توانائیاں صرف کریں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ڈھوریہ انگلش لینگویج سنٹر میں اپنے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے کہا کہ آج کا دور تعلیم کا دور ہے اور اس میں وہی قوم کامیاب ہوسکتی ہے جو تعلیم سے لیس ہو۔ گوادر کے نوجوان فنی اور دیگر تعلیم کے حصول کے لئے دلچسپی دکھائیں اس سرزمین کے وارث آپ ہیں اور اس کی بھاگ دوڑ آپ کے ہاتھوں میں ہوگی تو کوئی بھی محلاتی سازش کامیاب نہیں ہوسکتی۔
انہوں نے کہا کہ گوادر کے نوجوان پروفیشنل تعلیم کو اپنا شعار بنائیں مقابلے کے امتحانات میں شرکت کریں اور پالیسی ساز اداروں کا حصہ بنیں تاکہ وہ اپنے علاقے اور قوم کی خدمت کرسکیں۔ انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچ اور بلوچستان کے ساحل اور وسائل کے تحفظ کا عزم رکھتی ہے۔ نیشنل پارٹی عوام کی حق حاکمیت پر یقین رکھتی ہے، نیشنل پارٹی کا وڑن شعوری، فکری اور تعمیری سوچ کی آئینہ دار ہے ہم سطحی اور جذباتی نعروں پر یقین نہیں رکھتے بلکہ زمینی حقائق اور معروضی حالات کے تہیں عوام کی ترجمانی کرنا ہمارا مطمع نظر ہے۔
اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر اشرف حسین، ڈھوریہ انگلش لینگویج سنٹر کے ڈائریکٹر حسن علی موسی اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو ڈھوریہ انگلش لینگویج سنٹر کے ڈائریکٹر حسن علی موسی نے سید گنج تحفتا پیش کی۔