بیس سال قبل ومبلڈن میں اپنا پہلا گرینڈ سلیم جیتنے کے بعد ٹینس لیجنڈ اور ’سب سے بہترین کھلاڑی‘ کا لقب پانے والے راجر فیڈرر نے ٹینس کو خیرباد کہہ دیا۔
اپنے آخری میچ کے بعد بات کرتے ہوئے سوئس ٹینس اسٹار راجر فیڈرر آبدیدہ ہوگئے، ان کی گفتگو سن کر اہلیہ، ساتھی کھلاڑی رافیل نڈال سمیت دیگر لوگ بھی روپڑے۔
سوئٹزرلینڈ کے 41 سالہ کھلاڑی نے آخری بار 2021ء میں ومبلڈن کھیلا تھا اور وہ اپنی ریٹائرمنٹ کا اعلان کرچکے تھے۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق لندن میں جاری لیور کپ میں یورپ کیلئے کھیلتے ہوئے راجر فیڈرر اپنے ساتھی ٹینس لیجنڈ رافیل نڈال کے ساتھ مینز ڈبلز میچ میں کامیاب نہیں ہوسکے۔
انہوں نے 20 گرینڈ سلیمز کے ساتھ کھیل چھوڑ دیا، فیڈرر 8 ومبلڈن، 6 آسٹریلین اوپن، 5 یو ایس اوپن اور ایک فرنچ اوپن ٹرافی جیت چکے ہیں۔ اس کے علاوہ وہ 28 ماسٹرز، 2014ء میں سوئٹزرلینڈ کیلئے ڈیوس کپ اور 2008ء میں دوست اسٹین وارنکا کے ساتھ اولمپکس ڈبلز میں گولڈ میڈل بھی حاصل کرچکے ہیں۔