لاہور: پاکستان کرکٹ بورڈ نے اسپاٹ فکسنگ کیس میں سزا یافتہ کھلاڑی محمد عامر کے معاملے پر زباں بندی کے لئے تمام کھلاڑیوں سے دستخط لے لئے۔
محمد عامر کے معاملے پر ٹیم کے دیگر کھلاڑیوں کی جانب سے بھرپور تحفظات کا اظہارکیا جارہا ہے اور ٹیسٹ ٹیم کے کپتان مصباح الحق، ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہرعلی، بلے باز محمد حفیظ اور عمر اکمل کی جانب سے محمد عامر کو ٹریننگ کیمپ میں شامل کئے جانے کے فیصلے پرتحفظات کا اظہارکیا گیا تاہم پی سی بی نے اس معاملے پر زباں بندی کے لئے تمام کھلاڑیوں سے دستخط لے لئے ہے اور انہیں ٹیم میں شامل کرنے کے فیصلے کو عدالتی فیصلے اور نیوزی لینڈ امیگریشن حکام کی جانب سے ویزا جاری کرنے سے مشروط کردیا گیا۔
دوسری جانب قومی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہرعلی نے چیئرمین پی سی بی شہریار خان سے ملاقات کی۔ اس موقع پراظہرعلی نے محمد عامر کو ون ڈے ٹیم میں ممکنہ طور پر شامل کئے جانے پر شدید تحفظات کا اظہار کیا اور قیادت چھوڑتے ہوئے استعفیٰ پیش کیا جسے انہوں نے قبول کرنے سے انکار کردیا۔ ذرائع کے مطابق چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے اظہرعلی کو کپتانی جاری رکھنے پر رضا مند کرلیا جب کہ محمد عامر کے کردار کی بہتری کی ذمہ داری شعیب ملک کو سونپ دی گئی ہے۔
پی سی بی نے محمد عامرکےمعاملے پرزباں بندی کے لئے تمام کھلاڑیوں سے دستخط لے لئے

وقتِ اشاعت : December 29 – 2015