|

وقتِ اشاعت :   December 31 – 2015

کوئٹہ:  بلوچستان اسمبلی کی نشست پی بی پچاس کیچ تھری پر ضمنی انتخاب آج جمعرات کو ہوگا۔ نیشنل پارٹی ، مسلم لیگ ن اور بی این پی عوامی کے امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ تمام پولنگ اسٹیشنز کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ الیکشن کمشنر بلوچستان سید سلطان بایرید کے مطابق حلقہ پی بی پچاس کی نشست مسلم لیگ ن کے اکبر آسکانی کی نا اہلی کے باعث خالی ہوئی تھی۔ آج ہونے والے ضمنی الیکشن میں آٹھ امیدواروں کے درمیان مقابلہ ہوگاجس میں مسلم لیگ ن کے اکبر آسکانی ، نیشنل پارٹی کے اکرم دشتی اور بی این پی عوامی کے محمد علی رند کے درمیان سخت مقابلے کی توقع کی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کئی امیدوار دستبردار ہوئے ہیں تاہم انہوں نے الیکشن کمشنر کو کم از کم چار دن قبل آگاہ نہیں کیا جس کی وجہ سے ان کے نا م بھی بیلٹ پیپرز پر شائع ہوگئے۔سلطان بایزید کے مطابق ضمنی انتخاب کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں۔ بیلٹ پیپرز، پولنگ بیگز اور عملہ روانہ کردیا گیا ہے۔اٹھارہ ہزار چھ سو ننانوے ووٹرز حق رائے دہی کا استعمال کرسکیں گے جن کیلئے انتہر پولنگ اسٹیشنز اور ایک سو اڑتیس پولنگ بوتھ قائم کئے گئے ہیں۔ انتہر پریزائیڈنگ آفیسر سمیت تین سو سے زائد عملے کو بھی روانہ کردیا گیا۔ صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق تربت، تمپ اور دشت میں سیکورٹی خدشات کے باعث تمام پولنگ اسٹیشنوں کو انتہائی حساس قرار دیا گیا ہے۔ پولنگ عملے اور ووٹرز کی حفاظت کیلئے دو ہزار سے زائد ایف سی، لیویز اور بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار تعینات کئے گئے ہیں۔ ہر پولنگ اسٹیشن پر ایف سی کے کم از کم دس، بلوچستان کانسٹیبلری اور لیویز کے پانچ پانچ اہلکار تعینات کئے جائیں گے جبکہ آبادیوں کے قریب ایف سی اور بلوچستان کانسٹیبلری کے اہلکار ناکے لگا کر مشتبہ افراد کی چیکنگ بھی کریں گے۔ ایف سی کی کوئیک رسپانس فورس بھی امن وامان برقرار رکھنے کیلئے علاقے میں گشت کرے گی۔