گوادر:حلقہ پی بی 50کیچ lll کے ضمنی انتخابات میں نتائج اس دفعہ پھر آسمان سے نازل کئے جارہے ہیں جعلی ووٹوں اور نوٹوں کے ذریعے تبدیل کئے گئے ،جو بیلٹ پیپر گھروں سے ٹھپہ لگا کر لائے گئے وہ قابل قبول نہیں، نیشنل پارٹی کے عوامی مینڈیٹ کو نادیدہ قوتوں نے بندوق اور پیسوں کے زور سے چھیننے کی کوشش کی جا رہی ہے ،نیشنل پارٹی کے احتجاجی خواتین پر فائرنگ کر کے امن چاہنے والوں نے بدامنی پیدا کی۔حلقہ پی بی50کیچ lll میں نیشنل پارٹی کی عوامی مینڈیٹ کو بچانے کیلئے جو بھی قربانی دینی پڑی اس سے دریغ نہیں کرینگے،نیشنل پارٹی کو دیوار سے لگانے کی نتائج بھیانک ہونگے۔ان خیالات کا اظہار نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء و چیرمین میونسپل کمیٹی گوادر عابد رحیم سہرابی،پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلعی جنرل سکریٹری یوسف فریادی،بی ایس او پجار کے مرکزی سکریٹری جنرل محمد جان بلوچ ،نیشنل پارٹی گوادر کے تحصیل آرگنائزر فیض نگوری اور نیشنل پارٹی کے رہنماء و سابق تحصیل ناظم ماجد سہرابی نے گوادر پریس کلب کے سامنے حلقہ پی بی 50کیچ lll کے ضمنی انتخابات میں مبینہ دھاندلی کیخلاف احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔انھوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کی مستند، جمہوری اور سب سے بڑی قوم پرست جماعت ہے، نیشنل پارٹی نے پورے بلوچستان کو متحد کر کے اسے سنبھالاجو کہ 68 سالوں میں کسی بھی پارٹی نہ کر سکا۔افسوس آج نیشنل پارٹی کو سندھ میں پیپلز پارٹی اور متحدہ قومی موومنٹ کی طرح دیوار سے لگانے کی کوشش کی جارہی ہے ،آج بلوچستان سمیت پورے پاکستان میں نیشنل پارٹی کے کارکنان سراپا احتجاج ہیں۔انھوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کی قیادت نے جمہوریت کے لیے اپنی جانوں کا نزرانہ پیش کیا اور پارٹی کو اپنی خون کی آبیاری سے مضبوط کیا ،اسی طرح گزشتہ روز الیکشن کمیشن تربت آفس کے سامنے جاری نیشنل پارٹی کے خواتین کارکنان کی احتجاجی دھرناپر فائرنگ کی گئی جو کہ بزدلانہ عمل ہے۔پاکستان میں جمہوریت اور امن لانے کے دعویداروں نے حلقہ پی بی50کیچ lll میں ہماری عوامی مینڈیٹ کو بزور شمشیر چھین کرخود بد امنی پھیلائی ۔ انھوں نے کہا کہ پیسوں کی طاقت سے برآمد شدہ امیدوار کو جتانے کی کوشش کی جا رہی ہے ۔میڈیا میں گزشتہ روز کہدہ اکرم دشتی کی جیت کی خبر بھی شائع ہو چکی ہے لیکن اس عوامی جیت کو گھروں سے ٹھپہ لگا کر بیلٹ بکس کو سابقہ طریقے سے عوامی ووٹوں کے ساتھ شامل کر کے نیشنل پارٹی کی حلقہ پی بی50کیچ lll عوامی مینڈیٹ کو چھیننے کی ناکام کوشش کی جارہی ہے ان آسمانی ووٹوں کو بندوق کی زور سے الیکشن کمیشن آفس تربت میں پہنچا دیا گیا ۔انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ٹھپہ والے ووٹوں میں گھروں سے ٹھپہ لگا کر شامل کئے گئے ووٹوں کو الیکشن کمیشن آف پاکستان مسترد کردیں اور کہدہ اکرم دشتی کی جیت کا اعلان کردیں،انھوں نے کہا کہ اگر نیشنل پارٹی کو دیوار سے لگانے اور حلقہ پی بی50کیچ lll کے نیشنل پارٹی کے کامیاب امیدوار کہدہ اکرم دشتی کو ہرانے کا بھیانک نتائج سے کوئی بھی محفوظ نہیں رہے گا،ہمیں اس سیٹ کو بچانے کیلئے جو بھی قربانی دینی پڑی اس سے دریغ نہیں کرینگے۔