بلوچستان ملک کا پسماندہ صوبہ ہونے کے ساتھ ساتھ علمی میدان میں بھی پستی پر ہے تاہم یہاں اب نوجوانوں میں علمی ماحول کو پروان چڑھانے اور مقابلے کے امتحانات میں شامل ہونے کیلئے کتب بینی کو اولیت دیکر ایک بہترین ماحول کو فروغ دینے کی کوشش کی جا رہی ہے نصیرآباد میں چند سال قبل سابق وزیر اعلی بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری کے ترقیاتی منصوبوں میں سے دیگر منصوبوں کے علاوہ خصوصی طور پر ایک لائبریری قائم کی گئی جس کی دیکھ بھال وقتی طور پر سوشل ویلفیئر کے ذمہ لگایا گیا محدود فنڈز کے باوجود لائبریری کو فعال کیا گیا۔
جس سے تعلیم سے روشناس ہونے نوجوان اور اہل ذوق افراد اپنی علمی پیاس دور کرنے لگے تاہم موجودہ جدید دور میں لائبریری میں جہاں سہولیات کا فقدان تھا وہاں جدید حالات سے آگاہی ناولز سمیت دیگر معیاری کتب کی عدم دستیابی کی شکایات تھیں جس پر ڈپٹی کمشنر نصیرآباد انجینئر عائشہ زہری نے طلباء کی ضروریات کو مد نظر رکھتے ہوئے اور بہترین تعلیمی ماحول کی فراہمی کیلئے بروقت ایکشن لے لیا ۔
نصیرآباد علم دوست ڈپٹی کمشنر نے ایکشن لیتے ہوئے نصیرآباد کے اکلوتے لائبریری کیلئے معیاری کتب کے ساتھ ساتھ عمارت کی رنگ وروغن و عمارت کی تزین آرائش کروانے کے ساتھ طلباء کیلئے معیاری فرنیچر ، لائبریری کے بکس کیلئے بہترین الماری اور شوکیش فرنیچر انٹرنیٹ کنکشن سمیت کمپیوٹرز کی فراہمی جسے جدید سہولیات فراہم کرنے کے اقدامات قابل تحسین ہیں یقینا اس طرح کے اقدامات سے جہاں نوجوان نسل کو ایک بہترین ماحول فراہم ہوگا وہاں اب نوجوان اور اہل علم بچوں میں کتب بینی کے ماحول کو مذید فروغ حاصل ہوگا یقینا ڈپٹی کمشنر انجینئر عائشہ زہری کے علم دوست اقدامات سے جہاں طالب علموں اور نوجوان نسل بہتر انداز میں اپنی علمی پیاس دور کریگی وہاں وہ بہتر ماحول میں اپنی مقابلے کے امتحانات کی تیاری بھی کر سکیں گے اور نوجوان نسل میں تعلیمی ماحول کے فروغ کے ساتھ ساتھ ایک بہترین تعلیمی ماحول سے ہمارے معاشرے میں علم دوستی کو فروغ حاصل ہوگا جوکہ احسن اقدام ہے۔
گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر نصیرآباد انجینئر عائشہ زہری کے ہمراہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کے سیکرٹری فاروق مری اور راز محمد کاکڑ سمیت دیگر آفیسران نے نصیرآباد پبلک لائبریری کا تفصیلی دورہ کیا اور لائبریری میں ہونے والے ترقیاتی کاموں اور فراہم کر دہ کتب کا معائنہ کیا اس موقع پر لائبریری میں موجود طلباء سے ملاقات کی اور لائبریری میں دستیاب تمام فراہم کردہ سہولیات سے متعلق آگاہی حاصل کی جس پر وزیراعلیٰ بلوچستان کے سیکرٹری فاروق مری نے پبلک لائبریری میں کیے گئے تمام اقدامات کو سراہا اس موقع پر طلباء نے بھی ڈپٹی کمشنر نصیرآباد انجنیئر عائشہ زہری کی ذاتی کاوشوں علمی دوستی اور سہولیات کی فراہمی پر ان سے تشکر کا اظہار کیا۔ اس طرح کے اقدامات صحت اور تعلیم میں بھی ہونے چائیے تاکہ ہمارا پڑھا لکھا بلوچستان کے ساتھ ساتھ صحت مند بلوچستان کا خواب حقیقی طور پر شرمندہ تعبیر ہو۔