|

وقتِ اشاعت :   January 8 – 2016

گوادر: پورٹ سٹی کے پیا سے عوام کو تنہا نہیں چھوڑینگے، گوادر پورٹ کے معاہدے کو عوامی نمائندے اورعوام کے سامنے لایا جائے، چائنا پاکستان اقتصادی راہداری کے ثمرات گوادر کے غریب عوام کو ملنے چاہئے، غریب ماہی گیروں کا معاشی قتل عام منظور نہیں، بی این پی کی جانب سے آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کر کے گوادر کے عوام کے تحفظات رکھوں گا، بہت جلد بلوچستان میں تنظیم کاری شروع کرینگے، ان خیالات کا اظہار چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے بلاول ہاؤس کراچی میں پاکستان پیپلز پارٹی کے ضلع گوادر کے جنرل سیکرٹری یوسف فریادی سے ملاقات کے دوران کیا، انہوں نے کہا کہ گوادر کے غریب عوام پورٹ سٹی میں رہتے ہوئے بھی پیاسے ہیں جو ہمارے لیے اور حکمرانوں کیلئے لمحہ فکریہ ہے، انہوں نے کہا کہ گوادر پورٹ کے جو معاہدے خفیہ طریقے سے ہوتے ہیں انہیں عوامی نمائندوں اور عوام کے سامنے لایاجائے، چائناپاکستان اکنامک کوریڈور کو متنازعہ نہ بنایاجائے، کوریڈور کے ثمرات سب سے پہلے گوادر کے عوام کو ملنے چاہئے، حکمران گوادر کے ان منصوبوں پر عوام کے تحفظات دور کرے، انہوں نے کہا کہ دس جنوری 2016کو اسلام آباد میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے زیر اہتمام آل پارٹیز کانفرنس میں پاکستان پیپلز پارٹی شرکت کر کے عوام کے تحفظات پیش کرے گی، انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی بہت جلد بلوچستان میں تنظیم سازی کا آغاز کرے گی اور بلوچستان کے جیالوں کے خدشات دور کر کے ایک مرتبہ پھر بلوچستان میں پی پی پی کو فعال اور مقبول ترین جماعت بنائینگے، ملاقات کے دوران پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنماء شیریں رحمان اور مشیر وزیراعلیٰ سندھ راشد ربانی بھی موجود تھے