لاس ویگاس: عالمی مقابلہ حسن میں ’مسز ورلڈ‘ کا تاج 21 برس بعد ایک بار پھر بھارتی حسینہ کے سر سج گیا۔
امریکا کے شہر لاس ویگاس میں منعقدہ مقابلہ حسن میں سرگم کوشل نے مسز ورلڈ 2022 کا اعزاز اپنے نام کیا ہے۔عالمی مقابلہ حسن میں 63 ممالک سے تعلق رکھنے والی شادی شدہ خواتین نے شرکت کی اور مختلف مراحل کے بعد بھارت کی سرگم کوشل کو مسز ورلڈ 2022ء قرار دیا گیا۔
بھارت نے دوسری مرتبہ مسز ورلڈ کا تاج اپنے نام کیا ہے، اس سے قبل ڈاکٹر ادیتی گوتریکر نے 2001ء میں یہ اعزاز حاصل کیا تھا۔
جیوری پینل میں بھارتی اداکارہ سوہا علی خان، سابق مسز ورلڈ ادیتی گوتریکر، وویک اوبرائے اور محمد اظہر الدین بھی شامل تھے۔
سرگم کوشل کا تعلق مقبوضہ جموں کشمیر سے ہے، انہوں نے انگریزی ادب میں پوسٹ گریجویشن کیا ہے اور کچھ عرصہ تدریسی فرائض بھی سرانجام دیے ہیں، انہوں نے بھارتی بحریہ کے ایک افسر سے 2018ء میں شادی کی تھی۔
اس مقابلے کا نام پہلے ’مسز امریکا‘ تھا بعد ازاں نام تبدیل کر کے ’مسز وومن آف دی ورلڈ‘ کر دیا گیا، 1988ء میں اسے مسز ورلڈ کا نام دیا گیا۔