کوئٹہ : بلوچستان کے علاقے گلستان میں سیکورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران منشیات کی فیکٹری پکڑ لی۔سات ملزمان کو گرفتار کرکے آٹھ ٹن سے زائد منشیات بھی برآمد کرلی۔حکام کے مطابق پاک افغان سرحدی ضلع قلعہ عبداللہ کی تحصیل گلستان میں انٹی نار کوٹیکس فورس اور ایف سی بلوچستان نے خفیہ اطلاع پر ایک مکان پر چھاپہ مارا۔ مکان کے اندر چرس بنانے کی فیکٹری قائم کی گئی تھی جسے تباہ کرکے وہاں سے آٹھ ہزار پانچ سو کلو گرام سے زائد چرس برآمد کی گئی۔ کارروائی کے دوران آٹھ ملزمان کو بھی گرفتار کیا گیا جن میں سے ایک گاڑی سے چھلانگ لگا کر فرار ہوگیا۔ ایف سی ترجمان کے مطابق کارروائی کے دوران پکڑی جانے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں قیمت کروڑوں روپے ہے۔