کوئٹہ : کوئٹہ اور بلوچستان کے مختلف علاقوں میں پولیس ، ایف سی اور حساس اداروں نے کارروائیوں میں دہشتگردی سمیت مختلف مقدمات میں مطلوب ملزمان سمیت 21 افراد کو گرفتار کرلیا۔ بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کرلیا گیا۔پولیس کے مطابق کوئٹہ کے علاقے سریاب میں پولیس نے کارروائی کے دوران آٹھ افراد کو حراست میں لے لیا۔ گرفتار افراد کی نشاندہی پر مستونگ سے بھی دو افراد کو گرفتار کیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد میں تین قتل اور دہشتگردی کے مقدمات میں مطلوب تھے اور ان کے قبضے سے نو کلاشنکوف ، گیارہ مختلف اقسام کی رائفلیں، تین شارٹ گن ، ایک کلاکوف، ایک پستول اور دس ہزار سے زائد مختلف اقسام کی گولیوں کے علاوہ ایک گاڑی بھی برآمد کی گئی۔ پولیس ذرائع کے مطابق گرفتار افراد گزشتہ روز سیٹلائٹ ٹاؤن میں فائرنگ کے واقعہ میں ملوث ہیں۔ واقعہ میں تین افراد ہلاک ہوئے تھے۔ ادھر ایف سی اور حساس ادارے نے ژوب کے علاقے مرغہ کبزئی میں ایک کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبہ میں آٹھ افراد کو گرفتار کرلیا جن سے تفتیش شروع کردی گئی۔ ایک اور کارروائی حب کے علاقے گلشن مزدور میں بھی کی گئی جس میں ایف سی اور حساس ادارے نے حصہ لیا۔ اس کارروائی میں تین مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا جن سے کالعدم تنظیم سے تعلق سے متعلق تفتیش کی جارہی ہے۔