|

وقتِ اشاعت :   January 18 – 2016

خضدار: آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین میر عبدالرحمن زہری وائس چیئرمین سفر خان مینگل جنرل سیکریٹری ماسٹر عبدالخالق غلامانی رابطہ سیکریٹری عبدالواحد شاہوانی ودیگر نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاہے کہ آل پارٹیزشہری ایکشن کمیٹی ایک موثر تحریک بن کر خضدار شہر کے عوام کی ترجمانی کا حق ادا کریگی۔ہم عوام کے بنیادی مسائل کونظر انداز نہیں کرسکتے اور نہ ہی ان سے غافل رہ سکتے ہیں ، عوام کی آواز بن کر ان کے بنیادی مسائل کے حل کے آخری حد تک جائیں گے۔خضدار شہر میں گھپلوں ، کرپشن کا خاتمہ اور انصاف دلانا شہری ایکشن کمیٹی کی پہلی ترجیح ہوگی ۔ خضدار میں گیس کی سہولت کی منظوری کے لئے تحریک کا آغاز، بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمہ کے لئے ہم موثر آواز بنیں گے، ترقیاتی منصوبوں کے غیر معیاری تعمیر پر آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی خاموش نہیں بیٹھے گی ، این ٹی ایس میں جو افراد شامل نہیں تھے ان کو میرٹ پر لایا گیا ہے ۔اس بوگس لسٹ کو جلد منظر عام پر لایا جائیگا۔این ٹی ایس میں جن نوجوانوں کے ساتھ ناا نصافیاں کی گئی ہیں ان کو انصاف کی فراہمی کے لئے ایک عزم مصمم کے ساتھ تحریک شروع کی جائیگی ۔ خضدار میں پینے کے پانی کی فراہمی ، ڈیمز کے تعمیر کے لئے آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی حکومت کی خصوصی توجہ مبذول کرائیگی۔1982کے فیصلے کاخاتمہ کرکے اراضیات کو حکومت کے نام اور تحویل سے واپسی اور اسے ری سٹلمنٹ کرواکر شہریوں کے نام کروانے کے لئے کردار ادا کیا جائیگا ۔پریس کانفرنس میں شرکاء نے صحافی عبداللہ شاہوانی کو آل بلوچستان جرنلسٹس مقابلے میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر مبارک باد دی او ر اس کامیابی کو خضدار کی کامیابی قرار دی ان خیالات کا اظہار انہوں نے چیئرمین میر عبدالرحمن زہری کے گھر میں پُر ہجوم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر جے یوآئی کے مرکزی رہنماء میر یونس عزیز زہری ،انجمن تاجران خضدار کے صدر حافظ حمید اللہ مینگل ،بی این پی خضدار کے نائب صدر حید ر زمان بلوچ،آغا سمیع اللہ شاہ بی این پی (عوامی ) کے رہنماء عبدالصمد کر د سعداللہ گنگو ،پی پی پی کے خالد محمود ایڈوکیٹ ، جماعت اسلامی خضدار کے نائب امیر مفتی جاوید احمد منصوری ،وڈیرمحمد عالم ، مولانا محمد صدیق مینگل ،محمد عظیم ودیگر نے شرکت کی ۔ آل پارٹیز شہری ایکشن کمیٹی کے چیئرمین میر عبدالرحمن زہری نے کہاکہ اے پی ایس سی اب خضدار کی نمائندگی کے لئے رخت سفر باند چکی ہے اور عوام کو ان کا حق دلانے کے لئے ہر فورم پر آواز بنے گی ۔ انہوں نے کہاکہ خضدار کا شمار سرد علاقوں میں ہوتا ہے لیکن آج تک خضدار اس سہولت سے محروم رہاہے ۔ اس حوالے سے وفود وکمیٹی کی شکل میں وزیراعلیٰ بلوچستان سے ملاقات کرکے خضدار کے اس اہم بنیاد مسئلہ اورضرورت کے حوالے سے ان سے بات کی جائیگی ۔ اور اس سہولت کو خضدار کے لئے منظور کروا کر ہی چین محسوس کریں گے ۔بجلی بڑ ا اور درپیش مسئلہ ہے ۔لوڈ شیڈنگ نے کاروبار اور زراعت کو تباہ و برباد کررکھا ہے ۔ اس حوالے سے بجلی کے دیرینہ مسئلہ کے حل کیلئے موثر آواز بلند کی جائیگی ۔اور جب تک کیسکو خضدار کے ساتھ انصاف نہیں کرتا ہے اس وقت تک ہم خاموش نہیں بیٹھیں گے ۔انہوں کہاکہ 1982میں اراضیات کو حکومت کے نام پر کیا گیا تھا وہ ری سٹلمنٹ کروانے کی منظوری بھی حکومت سے لی جائیگی ۔انہوں نے کہاکہ خضدار میں ترقیاتی منصوبے غیر معیاری انداز میں ہورہے ہیں۔حیرانگی کی بات یہ ہے کہ خضدار میں ترقیاتی منصوبوں کے لئے جو انجینئر زمقرر کئے گئے ہیں وہ مطلوبہ ہنر سے نابلند ہیں ۔ان کو اس بات کا علم تک نہیں کہ روڈ کیسے بنائی جاتی ہے وہ کیا ہمارے ترقیاتی منصوبوں کو پائیہ تکمیل تک پہنچائیں گے۔ اس بات کی اجازت نہیں دی جائیگی کہ عوام کا پیسہ ضائع جائے اور ترقیاتی منصوبے کرپشن کی نظرہو ۔ بلکہ جو پیسہ عوام کا ہے وہ صحیح معنوں میں عوام کے لئے خرچ ہو ترقیاتی منصوبے معیاری انداز میں مکمل ہوں ۔این ٹی ایس میں مستحق نوجوانوں کے ساتھ ناانصافیا ں ہوئی ہیں ایسے افراد کو میرٹ پر لایا گیا جو سرے سے انٹرویومیں شامل نہیں تھے ان کا لسٹ جلد منظر عام پر لایا جائیگا۔اور نوجوانوں کو انصاف فراہمی کے لئے آخری حد تک جائیں گے ۔بلوچستان یونیورسٹی آ ف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنا لوجی خضدار کے ڈیلی ویجز ملازمین کی بحالی کے لئے وائس چانسلر سے گفت و شنید کرکے اس اہم مسئلے کو حل کیا جائیگا۔مذاکرات اور گفت و شنید کے بعد بھی ڈیلی ویجز ملازمین بحال نہیں ہو تے تو ان کی بحالی کے لئے جدوجہد شروع کی جائیگی ۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ ہماری کوشش ہے کہ ہر ادارہ صحیح طریقے سے کام کیا جائے ۔ عوام کے درپیش مسائل دور ہوں اور اسکولز صحیح معنوں فعال ہوں اساتذہ حاضری کو یقینی بنائیں ۔ یہ تمام تر مسائل و ضرورتیں ہماری نظر میں ہیں ان سب کو نگاہ میں رکھ کر ان کو حل کرنے کے لئے ہم عوام کی آواز بن جائیں گے۔