|

وقتِ اشاعت :   January 21 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بارکھان ، ڈیرہ بگٹی، کیچ اور پنجگورمیں سیکورٹی فورسز نے سرچ آپریشن کے دوران کالعدم تنظیم کے پانچ کارندوں کو ہلاک کردیا۔ کارروائیوں کے دوران دو مغویوں کو بھی بازیاب کرایا گیا جبکہ تین کارندوں سمیت 19مشتبہ افراد کو گرفتار کرلیا۔ایف سی ترجمان کے مطابق بارکھان کے علاقے چھپر میں ایف سی اور حساس اداروں نے کالعدم تنظیم کے کیمپ کی موجودگی کی اطلاع پر سرچ آپریشن کیا۔ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں پانچ دہشتگرد مارے گئے۔ ہلاک ہونے والوں میں کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچ لبریشن آرمی کے کمانڈر صحبت خان مری ولد بہرام خان شامل ہیں۔ باقی تین کی شناخت کرم خان ولد کارو ، مٹھا ولد سہراب اور اشرف ولد جمال کے ناموں سے ہوئی ہے۔ ایک کی شناخت تاحال نہیں ہوسکی ہے۔ ایف سی حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں کے قبضے سے ایک ڈنگر رائفل بمعہ 179گولیاں ،3کلاشنکوف بمعہ 16میگزین اور420گولیاں، تین واکی ٹاکیز، دو دوربین، ایک موٹر سائیکل ، دو دیسی ساختہ بم کے ریموٹ کنٹرول ، ایک انٹینا ، سنائپر رائفل رائفل کا ایک میگزین بمعہ80گولیاں ،ایک وی وائرلیس ہینڈ فون سیٹ اور سولرز پینل برآمد کئے گئے ۔ ایف سی ترجمان کے مطابق سرچ آپریشن کے دوران تین دہشتگردوں کو گرفتار بھی کیا گیا جبک جبکہ ان کی قید میں موجود دو مغویوں کو بھی بازیاب کرایا گیا۔ آپریشن کے بعد دہشتگردوں کے کیمپ کو تباہ کردیا گیا۔ ایف سی ترجمان نے بتایا کہ آپریشن میں ہلاک دہشتگرد سیکورٹی فورسز پر حملوں، اغواء برائے تاوان، بھتہ خوری اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث تھے۔ دوسری جانب ڈیرہ بگٹی کی تحصیل سوئی میں ایف سی نے کارروائی کرتے ہوئے کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبہ میں پندرہ افراد کو گرفتار کرلیا اور ان کے قبضہ سے دیسی ساختہ بم اور بم بنانے کے آلات برآمد کرلئے۔ گرفتار افراد سے کالعدم علیحدگی پسند تنظیم بلوچ ری پبلکن آرمی سے تعلق کے بارے میں تفتیش کی جارہی ہے ۔ایک اور کارروائی کیچ (تربت) کے علاقے کولاوا میں کی گئی جہاں ایک مشتبہ شخص کو اسلحہ سمیت گرفتار کرلیا گیا۔ پنجگور کے پاک ایران سرحدی علاقے پروم میں بھی ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور کالعدم تنظیم کے کئی ٹھکانوں کومسمار کردیا۔ کاروائی کے دورا دو کلاشنکوف اور ایمونیشن برآمد کیا گیا۔