|

وقتِ اشاعت :   February 8 – 2023

کوئٹہ : سیکرٹری اطلاعات حکومت بلوچستان حمزہ شفقات نے کہا ہے کہ حکومت بلوچستان اخباری صنعت کی ترقی اور صحافی برادری کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے پْرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو کی ہدایت کی روشنی میں اخبارات اور جرائد کے اشتہارات کی مد میں واجب الادا رقوم (bills) کی فوری ادائیگی کیلئے ہنگامی بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جا رہے ہیں۔

انہوں نے متعلقہ سیکشنز کے ذمہ دار افسران کو ہدایت دی کہ اخبارات اور جرائد کو واجب الادا رقوم کی ادائیگی کے عمل کو تیز کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نظامت اعلیٰ تعلقاتِ عامہ بلوچستان کوئٹہ کے دورے کے موقع پر کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر ایڈورٹائزمنٹ سید تنویر اختر اور ڈپٹی ڈائریکٹر نجیب اللہ نے انہیں ایڈورٹائزمنٹ سیکشن اور محکمہ کے مختلف شعبوں کے حوالے سے بریفنگ دی۔ صدر آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن عنایت الرحمن اور محکمے کے سینیئر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

انہوں نے محکمہ کی مجموعی کارکردگی کو سراہتے ہوئے اس یقین کا اظہار کیا کہ محکمے کا عملہ جاری حکومتی منصوبوں کی بروقت اور موثر تشہیر کو مزید جامع انداز میں ممکن بنائے گا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ نظامت اعلیٰ تعلقات عامہ میں قائم انفارمیشن سیل کو فوری طور پر فعال کرکے رپورٹ پیش کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ تمام ڈویڑنل انچارچ اور آرٹیکل رائٹرز کو ہدایت دی جائے کہ صوبائی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں پر ناصرف مضامین اور فیچرز لکھیں بلکہ لکھے گئے مضامین، فیچرز اور مقالوں کو عوام کی اگاہی کیلئے محکمہ تعلقات عامہ کے سماجی رابطوں (social media handles) اور ویب سائٹ پر فوری طور پر اپلوڈ کیاجائے۔