|

وقتِ اشاعت :   January 24 – 2016

کوئٹہ: کوئٹہ میں سماجی تنظیم کے کارکنوں اور پولیس اہلکاروں کے درمیان تصادم میں دو پولیس اہلکار زخمی ہوگئے۔ مشتعل مظاہرین نے پولیس تھانے پر پتھراؤ کردیا۔پولیس نے ہوائی فائرنگ کے بعد پندرہ مظاہرین کو گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق انسداد منشیات کے لئے کام کرنے والی سماجی تنظیم انسانیت بچاؤ سینٹر کے کارکنوں اور پولیس کے درمیان تصادم پولیس تھانہ گوالمنڈی کے باہر ہوا۔ انسانیت بچاؤ سینٹر کے کارکن سڑک بند کرکے پولیس کے خلاف احتجاج کررہے تھے اور ان کا مطالبہ تھا کہ منشیات فروشوں کو گرفتار کیا جائے۔ پولیس نے احتجاج کے دوران بند کی گئی سڑک کھولنے کی کوشش کی تو مظاہرین نے ان پر دھاوا بول دیا اور تھانے پر پتھراؤ شروع کردیا۔ ہاتھا پائی او ر تصادم میں دو پولیس اہلکار معمولی زخمی ہوگئے۔ پولیس نے صورتحال پر قابو پانے کیلئے اضافی نفری طلب کی۔ مظاہرین کو منتشر کرنے کیلئے ہوائی فائرنگ اور آنسو گیس شیلنگ کی گئی جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔ پولیس نے اہلکاروں اور تھانے پر حملے کے الزام میں پندرہ مظاہرین کو گرفتار کرکے حوالات میں بند کردیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار مظاہرین سے ایک پستول ، چار کارتوس ، چرس اور ہیروئن سمیت منشیات بھی پکڑی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق ملزمان نے پولیس اہلکاروں پر حملے کے ساتھ ہوائی فائرنگ بھی کی۔ گرفتار افراد کے خلاف کار سرکار میں مداخلت سمیت مختلف دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔ پولیس اہلکاروں کا کہناہے کہ تنظیم انسداد منشیات کی آڑ میں خود منشیات کی فروخت کا کام کرتی ہے۔