|

وقتِ اشاعت :   April 13 – 2023

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی( ای سی سی) نے الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک رکشہ اسکیم کی منظوری دے دی ہے جس کے تحت وزیراعظم یوتھ بزنس اور زرعی لون اسکیم کے تحت ای بائیکس اور ای رکشہ کے لیے بلا سود 5 لاکھ تک قرضہ دیا جائے گا۔

سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کی خبر کے مطابق کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک رکشوں کے لیے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگری کلچر لون اسکیم کے ماڈل پر اسکیم کی منظوری دے دی۔

اسکیم کے مطابق ٹئیر ون کے تحت تین سال کی مدت کے لیے 5 لاکھ روپے کا بلاسود قرضہ جاری کیا جائےگا، جاری مالی سال کے دوران یہ سہولت 15 ہزار ای بائیکس اور رکشا کے لیے دستیاب ہوں گی۔

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) کا اجلاس وزیرخزانہ سینیٹر اسحٰق ڈار کی زیرصدارت منعقدہوا، اجلاس میں وفاقی وزرا خرم دستگیر خان، سید نویدقمر، سید مرتضیٰ محمود، چوہدری طارق بشیر چیمہ، معاون خصوصی خزانہ طارق باجوہ، معاون خصوصی طارق محمود پاشا، وزیراعظم کے رابطہ کار برائے معیشت بلال اظہر کیانی، وفاقی سیکریٹریز اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزارت صنعت وپیداوارکی جانب سے الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک رکشوں کے لیے مالیاتی سہولت سے متعلق سمری پیش کی گئی، کمیٹی کو الیکٹرک بائیکس اور الیکٹرک رکشاز کی طلب اور دیگر امور سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

ای سی سی نے تفصیلی بحث کے بعد الیکٹرک بائیکس اورالیکٹرک رکشاز کے لیے وزیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگری کلچر لون اسکیم کے ماڈل پر اسکیم کی منظوری دی۔

اسکیم کے مطابق ٹئیرون کے تحت تین سال کی مدت کے لیے 5 لاکھ روپے کابلاسود قرضہ جاری کیا جائے گا، جاری مالی سال کے دوران یہ سہولت 15 ہزار ای بائیکس اوررکشاز کے لیے دستیاب ہوں گی۔

اسکیم کی دیگر تفصیلات وزارت صنعت و پیداوارو زیراعظم یوتھ بزنس اینڈ ایگری کلچر لون اسکیم کے ساتھ مل کر طے کریں گی، اجلاس میں وزارت تجارت کی جانب سے انگور اڈا کو افغانستان اور وسطی ایشیائی ریاستوں کے لیے برآمدی زمینی روٹ کے طورپر اسٹیشن قرار دینے سے متعلق سمری کی منظوری بھی دی گئی۔

اجلاس میں وزارت ہوابازی کی جانب سے پی آئی اے کے لیے امریکی ڈالر میں قرضہ کے لیے حکومت پاکستان کی ضمانت میں 15 ارب، 60 کروڑ، 73 لاکھ 94 ہزار 711 روپے کے اضافے کی منظوری دی گئی جس کی منظوری کے بعد جاری ضمانت کاحجم 247.63 ارب روپے سے بڑھ کر263.23 ارب روپے ہوجائے گا۔

اجلاس میں وزارت قومی غذائی تحفظ وتحقیق کی جانب سے رمضان المبارک میں چینی کی قیمتوں اور شوگرایڈوائزری بورڈ کی پاکستان شوگرملزایسوسی ایشن کے ساتھ چینی کی ریٹیل قیمت سے متعلق سمری پیش کی گئی۔

ای سی سی نے پاکستان شوگرملز ایسوسی ایشن پنجاب زون کی جانب سے عیدالفطرتک 20 میٹرک ٹن چینی 95 روپے فی کلوفراہم کرنے اوراسے ضلع سطحی پرعام لوگوں تک فراہم کرنے کے فیصلوں کی توثیق کی۔

ای سی سی نے اسی طرز پر دیگرصوبوں اور علاقوں میں انتظامات کرنے کی ہدایت کی، اجلاس میں وزارت ہاوسنگ اینڈورکس کے لیے 261 ملین روپے، وزارت قومی صحت خدمات کے لیے 0.5ملین امریکی ڈالر کے برابر 142.5 ملین روپے، سپریم کورٹ آف پاکستان، ججز کی رہائش گاہوں، ریسٹ ہاوسز اور ذیلی دفاتر کی تعمیر نو، تزیئن و آرائش کی مد میں وزارت ہائوسنگ کے لیے 250 ملین روپے اور وزارت امورخارجہ کو بجلی کے واجبات کی ادائیگی کے لیے 22 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹس کی منظوری دی گئی۔