|

وقتِ اشاعت :   February 6 – 2016

گوادر: گوادر کے لوگوں کی تکالیف اور مشکلات کااحساس ہے ،پاک نیوی مشکل کی ہر گھڑی میں عوام کا بھر پور ساتھ دیگی، کپتان پی این ایس نصر لیفٹیننٹ ثاقب الیاس ڈھائی لاکھ گیلن میٹھا پانی لیکر پاکستان نیوی کا ایک بہت بڑا جہاز گوادر پورٹ پر لنگر انداز ، پاک نیوی کی کاوشوں کاتہہ دل سے شکریہ اداکرتے ہیں، عابد رحیم سہرابی ، چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر ۔تفصیلات کے مطابق گوادر میں پانی کے مسائل اور بحران پر قابو پانے کیلئے پاک نیوی کا ایک اور بحری جہاز پی این ایس نصر کراچی سے ڈھائی لاکھ گیلن میٹھا پانی لیکر گوادر پورٹ پر لنگر انداز ہوگیا، پانی کی حوالگی کے بابت پی این ایس نصر پر ایک سادہ تقریب بھی منعقدکی گئی جہاں پر پی این ایس نصر کے لیفٹیننٹ ثاقب الیاس نے پانی چیئرمین میونسپل کمیٹی گوادر عابد رحیم سہرابی کے حوالے کردیئے، اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کپتان پی این ایس نصر لیفٹیننٹ ثاقب الیاس نے کہا کہ پاکستان نیوی ساحل کی حفاظت کیلئے ہمیشہ سے چوکس اورعوام کی فلاح وبہبود کیلئے ہر وقت مستعد ہے، انہوں نے کہا کہ پاک نیوی عوام کی بھرپور خدمت کا جذبہ رکھتی ہے اور انہیں گوادر کے عوام کی تکالیف اور مشکلات کا بھر پور احساس ہے یہی احساس کاجذبہ لیکر پاک نیوی نے چیف آف نیول اسٹاف کی ہدایت کی روشنی میں گوادر کے لوگوں کی تکالیف اور مشکلات کاادارک رکھتے ہوئے انہیں میٹھا پانی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا، انہوں نے کہا کہ پی این ایس نصر کی اس شپ میں ڈھائی لاکھ گیلن میٹھا پانی لدا ہواہے، قبل ازیں بھی پاک نیوی کے چار بحری جہاز لاکھوں گیلن میٹھا پانی لیکر گوادر پہنچے، انشاء اللہ گوادر میں پانی کے بحران کے حل تک پاکستان نیوی کے جہاز گوادر کے عوام کو پانی کی فراہمی کا سلسلہ جاری رکھیں گے، انہوں نے کہا کہ یہ ایک قدرتی آفت ہے اسے صبر وتعمل کے ساتھ برداشت کریں‘ پاکستان نیوی عوام کی خدمت میں کوئی کسر نہیں چھوڑے گی اور ہمیشہ اپنا کرداراداکرے گی ،اس موقع پر میونسپل کمیٹی گوادر کے چیئرمین عابد رحیم سہرابی نے خطاب کرتے ہوئے گوادر میں پانی کی فراہمی پر پاک نیوی کی کاوشوں اور ان کے کردار کا تہہ دل سے شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ پاک نیوی ہمیشہ یہاں کے لوگوں کی خدمت میں پیش پیش رہی ہے، انہوں نے گوادر کے عوام کی طرف سے پی این ایس نصر کے کپتان لیفٹیننٹ ثاقب کیپٹن عاطف سلطان، بشیر احمد اور پاک نیوی کے دیگر رفقاء کارکو بلوچی چادریں پیش کیں، واضح رہے کہ پی این ایس نصر پر لدی ڈھائی لاکھ گیلن میٹھے پانی کو ٹینکروں کے ذریعے پبلک ہیلتھ کی واٹر باکس میں پہنچایاگیا، جہاں پر پائپ لائنوں کے ذریعے شہر کے مختلف علاقوں میں پانی کی سپلائی کی جائے گی ۔