|

وقتِ اشاعت :   February 6 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع بارکھان میں ایف سی نے پولیس کی گاڑی سے پچیس راکٹ گولے برآمد کرکے ایس ایچ او سمیت پانچ اہلکاروں کو تحویل میں لے لیا۔ ایک اور کارروائی میں کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبہ میں چار افراد کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ ایف سی ذرائع کے مطابق بلوچستان کے ضلع بارکھان کے کوہلو سے ملحقہ علاقے بیبر تک میں ایف سی نے چیک پوسٹ سے گزرتے ہوئے بارکھان پولیس کی ایک گاڑی کو روکھا۔ ایف سی اہلکاروں نے گاڑی میں بڑی تعداد میں راکٹ گولوں کی موجودگی کو مشکوک جانا ۔ اہلکاروں نے گاڑی اور اس میں موجود پچیس راکٹ گولے اپنے قبضے میں لے لئے ۔ جبکہ ایس ایچ او بارکھان پولیس ظفر اور ان کے ہمراہ گاڑی میں موجود چار اہلکاروں کو بھی تحویل میں لے لیا۔ ایف سی حکام نے بڑی تعداد میں راکٹ گولوں کی مشتبہ طریقے سے ترسیل کی تحقیقات شروع کردی ہیں۔ ادھر بارکھان کے سینئر سپرنٹنڈ نٹ آف پولیس امین اللہ شاہ بخاری نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ یہ اسلحہ سرکاری طور پر منتقل کیا جارہا تھا۔ ایف سی اہلکاروں نے غلط فہمی کی بناء پر پولیس اہلکاروں کو روکھا ہے۔ بارکھان ہی کے علاقے نہار کوٹ میں ایف سی اور حساس ادارے نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے چار افراد کو گرفتار کرلیا۔ گرفتار افراد سے تین عددسب مشین گنز، دو میگزین ، دو عددتھری ناٹ تھری رائفلیں، ایک دوربین اور دو موٹرولا فون سیٹ برآمد کرلئے۔ ایف سی ذرائع کے مطابق نور محمد، ذوالفقار ، مظفر اور محمد نواز کو کالعدم مسلح تنظیم سے تعلق رکھنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا ہے۔ ان سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔