کوئٹہ: کوئٹہ میں دہشتگردی کے واقعات کے بعد پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے شہر کے مختلف علاقوں میں گھر گھر تلاشی کا عمل شروع کردیا۔سرکاری ملازمین سمیت پچاس سے زائد افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ پولیس کے مطابق سیٹلائٹ ٹاؤن، سرکی روڈ، ریلوے کالونی اور ملحقہ علاقوں میں پولیس اور ایف سی نے مشترکہ سرچ آپریشنز کئے۔ جس کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی اور پچاس سے زائد افراد کو شک کی بنیاد پر حراست میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار افراد کو شہر کے مختلف تھانوں میں منتقل کردیا گیا جہاں ان سے تفتیش کی جارہی ہے۔ ریلوے کالونی اور ملحقہ علاقوں سے بیس افرادکو گرفتار کیا گیا۔ سیٹلائٹ ٹاؤن سے سات افراد کو گرفتار کیا گیا جن کے قبضے سے ایک ٹی ٹی پستول، ایک شاٹ گن بمعہ کارتوس برآمد کیا گیا ۔سرکی روڈ سے بائیس افراد کو گرفتار کیا گیا جن سے چھ پستول برآم دکئے گئے۔ شہر میں تین دنوں سے جاری سرچ آپریشنز میں ایک سو ساٹھ سے زائد مشتبہ افراد کو گرفتار کیاجاچکا ہے۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گرفتار افراد میں کئی سرکاری ملازمین بھی شامل ہیں جنہیں شناخت کرانے کے باوجود بلاوجہ گرفتار کیا گیا۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ گھر گھر تلاشی کی بجائے انٹیلی جنس بنیادوں پر سرچ۔آپریشنز کئے جائیں ۔