|

وقتِ اشاعت :   February 11 – 2016

کوئٹہ: بلوچستان میں دہشتگردی کے بڑے منصوبے ناکام بنادیئے گئے۔ پنجپائی سے 10ہزار کلو گرام بارودی مواد اور 45دیسی ساختہ بم برآمد کرلئے گئے۔ ڈیرہ بگٹی میں سڑک کنارے نصب بم ناکارہ بنادیا گیا۔ پنجگور سے بڑی تعداد میں اسلحہ پکڑا گیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق کوئٹہ کے نواحی علاقے پنجپائی کے قریب پاک افغان سرحدی علاقے سپوچنہ میں ایف سی نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کی اور افغانستان سے بارود کی بڑی کھیپ کو پاکستان اسمگل کرنے کی کوشش ناکام بنادی۔ کارروائی کے دوران پینتالیس دیسی ساختہ بم اور بوریوں میں چھپایا گیا دس ہزار کلو گرام بارودی مواد برآمد کیا گیا۔ دیسی ساختہ بم گھی کے خالی ڈبوں میں بارودی مواد ڈال کر بنایا گئے تھے۔ ترجمان ایف سی کے مطابق دیسی ساختہ بم اور بارودی مواد افغانستان سے بلوچستان اسمگل کرکے دہشتگردی کی مختلف وارداتوں میں استعمال کیا جانا تھاتاہم ایف سی نے بروقت اورکامیاب کارروائی کرتے ہوئے شرپسندوں کے ناک پاک عزائم کو خاک میں ملا دیا۔ ڈیرہ بگٹی میں بھی دہشتگردی کا منصوبہ ناکام بنایا گیا جہاں سوئی کے علاقے پیر سوری دربار کے مقام پر سڑک کنارے نصب دیسی ساختہ بم برآمد کیا گیا۔ ترجمان ایف سی کے مطابق بم سیکورٹی فورسز اور شہریوں کو نشانہ بنانے کیلئے نصب کیا گیا تھا۔ ایک اور کارروائی پنجگور میں پاک ایران سرحد کے علاقے نکر میں کی گئی جہاں کالعدم تنظیم کے ٹھکانے سے ایک کلاشنکوف، ایک رائفل، ایک شاٹ گن اور دو پستول برآمد کی گئیں۔ تاہم ان کارروائیوں کے دوران کوئی گرفتاری عمل میں نہیں لائی جاسکی ہے۔