تربت: سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر مالک بلوچ نے وکلاء کی دعوت پر کیچ بار ایسوسی ایشن کا دورہ کیااور ڈیجیٹل لائبریری بنانے کے لیئے 50لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔ کیچ بار ایسوسی ایشن نے سابق وزیر اعلی بلوچستان ڈاکٹر مالک کو دعوت دی تھی جس پر انہوں نے بدھ کے روز کیچ بار کا دورہ کیا جہاں وکلاء سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ کیچ علم و دانش اور ادب کا گہوارہ رہا ہے صبر و برداشت اور تحمل کے ساتھ تمام سیاسی اختلافات کے باوجود ایک دوسرے کو سننا ہماری روایت رہی ہے کیوں کہ ہم سب کے فکر و نظریہ کا محور بلوچ و بلوچستان اور مظلوم عوام ہے ۔انہوں نے کہاکہ بڑھتی ہوئی انتہاپسندی اور مذہبی منافرت کے خاتمے کے لیئے یہاں کا اہل دانش طبقہ اور وکلاء برادری اپنا قومی کردارا داکرے تاکہ ہم میں کوئی انتشار اور تفرقہ پیدا نہ ہوں اور ہماری سماجی روایت ایسے عوامل سے متاثر نہ ہوں کیچ بار ایسوسی ایشن کو چاہیے کہ وہ انتہا پسندی کے مقابلے میں جمہوری سوچ کو فروغ دینے کے لیئے موثر طریقہ کار اپنائے اور مباحثے سمیت سیمینار اور دیگر پروگرامات کا سلسلہ شروع کرے تاکہ ہمارے لوگوں کو سیکھنے اور چیزوں کو سمجھنے کا موقع ملے۔انہوں نے کہاکہ معاشرے کے تمام منفی عوامل کے خلاف کیچ بار اور دیگر دانش ور طبقہ اگر جدوجہد کریں تو جو منفی عوامل ہمارے ہاں پیدا ہوئے یا ہورہے ہیں ان کا خاتمہ ممکن ہوسکے گااور ایکی بار پھر یہاں پر جمہوری سوچ ، تحمل اور بردباری پیدا ہوگا۔انہوں نے کہاکہ بلوچستان کے حالات تبدیل ہورہے ہیں مجھ جیسے عام سیاسی کارکن کا وزیر اعلی منتخب ہونا ایک بڑ ابھریک تھرو ہے بطور وزیر اعلی میں نے بلوچستان کو باریک بینی سے دیکھا تمام حالات و واقعات کا مکمل جائزہ لیا یہاں سے بڑا مسلہ غربت اور جہالت ہے جس کے خاتمے کے لیئے نیشنل پارٹی نے بڑی جدوجہد کی ہے لیکن یہاں کی سیاسی جماعتوں اور اداروں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ مباحثے کا فورم تشکیل دیں اور گفت و شنید کا ایک سلسلہ شروع کرائیں ۔انہوں نے کہاکہ سخت احتساب اور محنت قومی ترقی کے لیئے بہت ضروری ہے قومی جمود اور انتہا پسندی کے خاتمے کے لیئے ہم سب کو مل کر جمہوری اقدار کو زندہ کرنا چاہیے تاکہ مقالمے اور سیاسی سوچ کو فروغ ملے۔ نیشنل پارٹی کے مرکزی فنانس سیکرٹری حاجی فدا حسین دشتی نے کہاکہ کیچ بار کے جتنے مسائل ہیں وہ ہمارے مشترکہ مسائل ہیں ان کے حل کے لیئے نیشنل پارٹی نے جو کردار ادا کیا وہ قا بل تعریف ہے اور ڈاکٹر مالک کو کیچ بار کے دیگر مسائل پر بھی بھر پور توجہ دینا چاہیے ۔ میونسپل کارپوریشن کے میئر قاضی غلام رسول نے وکلاء کا شکریہ ادا کیا اور کہاکہ نیشنل پارٹی کی حکومت نے وکلاء کے مسائل کا ادراک کیا اور ان کے حل کے لیئے جدوجہد کی اس سلسلے میں سابق وزیر اعلی ڈاکٹر مالک کی کوششیں کسی سے پوشیدہ نہیں ۔