|

وقتِ اشاعت :   February 12 – 2016

گوادر: محکمہ فشریز کی سربراہی میں ٹرالر مافیا بحر بلوچ کو بانجھ کر رہی ہے، غریب ماہی گیروں کیلئے بحر بلوچ کو ممنوعہ علاقہ بنادیاگیاہے جس کی وجہ سے وہ نان شبینہ کا محتاج ہوکر رہ گئے ہیں، محکمہ فشریز اپنا قبلہ درست کرے اور جیونی کے کرپٹ عملے کو فوری طور پر معطل کردیں اور ٹرالر مافیا کو گوادر کے سمندری حدود سے ایک ہفتے کے اندر نکال دیں بصورت دیگر بلوچستان نیشنل پارٹی غریب ماہی گیروں کی آواز بن کر پورے بلوچستان کو جام کر دے گی جس کی قیادت میں خود کروں گا، کارکنان اپنے آپ کو تنہاء نہ سمجھیں جیونی میں بہت جلداٹھارہ گھنٹے بجلی بحال کرنے میں کردار ادا کروں گا، ان خیالات کا اظہار ممبر صوبائی اسمبلی وبلوچستان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء میر حمل کلمتی نے دورہ جیونی کے موقع پر بی این پی کے تحصیل کابینہ اجلاس کی صدارت کے بعدپارٹی آفس میں کارکنان کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انہوں نے کہا کہ محکمہ فشریز اپنی ذمہ داریوں سے غافل ہو کر ٹرالر مافیاؤں کی سرپرستی کر رہی ہے جو کہ بحر بلوچ کو بانجھ کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑ رہے ، انہوں نے کہا کہ محکمہ فشریز اپنا قبلہ درست کرے اور عوامی مفادات کو مد نظر رکھ کر ٹرالنگ کا خاتمہ کریں ، جیونی سے لے کر بلوچستان کے تمام ساحلی پٹی کے غریب ماہی گیر تنہاء نہیں بی این پی بھر پور ساتھ دے گی، انہوں نے کہا کہ جیونی میں صاف پینے کے پانی کے مسئلے کو حل کرنے کیلئے انہوں نے خطیر رقم سے منصوبوں کا آغاز کردیا ہے اور جیونی میں بجلی کے مسئلے کو حل کرانا ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں، اس ضمن میں انہوں نے پارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی کے ساتھ وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے ملاقات کی اور وفاقی وزیر پانی وبجلی سے بھی ملاقات کی اور 14فروری کو محکمہ کیسکو کے ساتھ اعلیٰ سطح اجلاس میں شرکت کر کے اور پھر وزیراعلیٰ بلوچستان سے بھی بجلی کے حوالے سے ملاقات کر کے جیونی کے عوام کو 18گھنٹے بجلی کی بحالی کی خوشخبری جلد سنائیں گے اور جیونی کیلئے مین ٹرانسمیشن لائن بچھانے کیلئے 12کروڑ روپے کی خطیر رقم جاری کر دی ہے‘ چھ مہینے بعد جیونی کو چوبیس گھنٹے بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی، انہوں نے کارکنان کو پارٹی فعال کرنے اور پارٹی دعوت کو عام کرنے کی اپیل کی ہے ۔